پارلیمنٹ میں بل کی پیشی کے وقت تمام بی جے پی ارکان کو حاضررہنے کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی قیادت میں آج بی جے پی ارکان پارلیمان کو ہدایت دی کہ شہریت ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے دوران پارلیمنٹ میں موجود رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کی اتنی ہی زیادہ اہمیت ہے جتنا کہ کشمیر سے دفعہ 370کی منسوخی تھی ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اجلاس کے دوران مزید کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ جس وقت پارلیمنٹ میں مذکورہ سی اے بی بل پیش کریں تو اُس وقت کسی بھی بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سے پہلے کئی مواقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اس حوالے سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ بی جے پی ارکان عموماً بل کی منظوری کے وقت ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں ۔ آج کے اجلاس میں جہاں پر خود وزیراعظم موجود نہیں تھے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ نریندر مودی اس بارے میں سخت موقف اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ شہریت ترمیمی بل کے حوالے سے اپوزیشن کی جانب سے کئے جارہے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے تین اطراف مسلم ممالک موجود ہیں اس لئے اُس وقت جنہیں مصائب اور مذہبی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا وہ غیر مسلم تھے نہ کہ مسلمان ، اس لئے یہ اعتراض بے بنیاد ہے ۔وزیر دفاع نے یہ بات اُس وقت کہی جب انہیں بتایا گیا کہ عام طور پر اپوزیشن جماعتیں یہ الزام عائد کررہی ہیں کہ شہریت ترمیمی بل سیکولرازم کے خلاف ہے چونکہ اس بل سے فائدہ اٹھانے والوں سے مسلمانوں کو باہر رکھا جارہا ہے ۔