مودی اور امیت شاہ کے پتلے نذرآتش، پولیس نے قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا
حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی حکومت کے خلاف گاندھی بھون سے احتجاجی ریالی منظم کرنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد نے گاندھی بھون میں جمع ہونے کے بعد ریالی کی شکل میں پراگتی بھون جانے کی کوشش کی۔ پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور گاندھی بھون کے باہر بیریگیڈس کے ذریعہ احتجاجیوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔ کانگریسی کارکنوں نے نریندر مودی اور امیت شاہ کے علامتی پتلے نذر آتش کئے اور نعرے بازی کی۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے علامتی پتلوں کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا اور پانی کا چھڑکائو کرتے ہوئے پتلوں کے باقیات کو منتقل کردیا۔ پولیس اور انجن کمار یادو کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ بعد میں انجن کمار سمیت دیگر قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر گاندھی بھون کے روبرو کشیدگی دیکھی گئی اور ٹریفک میں خلل پڑا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ قومی شہریت بل کے خلاف اے آئی سی سی کی اپیل پر احتجاج منظم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل میں تین ممالک سے آنے والے چند مخصوص طبقات کو ہندوستانی شہریت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذہبی بنیادوں پر سماج کو تقسیم کرنے کے لیے وزیر داخلہ نے یہ بل تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرکز نے یہ بل تیار کیا ہے۔ مرکز کی معاشی پالیسیوں کے خلاف اے آئی سی سی نے ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں عام آدمی پر بوجھ عائد ہوچکا ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ لوک سبھا میں مخالف دستور بل کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور انہیں شہریت سے محروم کرنے کی سازشوں کے سبب کانگریس پارٹی بل کی مخالفت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں سکیولرازم بنیادی روح ہے اور بی جے پی اس کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ کانگریس مخالف سکیولر پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔