حکومت تلنگانہ کا مستحسن اقدام ، چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر ، مختلف شخصیتوں کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے سینئیر قائد سابق صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین نے تلنگانہ میں سیاہ قوانین کے خلاف اسمبلی اور کونسل میں منظور کردہ قرار داد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کے خلاف عوام میں بے چینی کی کیفیت پائی جارہی ہے ۔ جس کو جاننے اور سمجھنے کے بعد چیف منسٹر نے تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ جس دن اسمبلی اور کونسل میں یہ قرار داد منظور ہوئی اسی دن ریاست کے عوام نے عید و تہوار کے طرز پر جشن منایا ہے اور ہر طرف سے چیف منسٹر کے اقدام کو سراہا جارہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر چیف منسٹر کی تصاویر کو دودھ سے دھلاتے ہوئے اظہار تشکر کیا گیا ۔ ڈپٹی مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن محمد بابا فصیح الدین نے اسمبلی اور کونسل میں شہریت ترمیمی قانون ۔ این پی آر اور این آر سی کے خلاف قرار داد منظور کرنے کا خیر مقدم کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ۔ ڈپٹی مئیر نے کہا کہ ملک میں ان سیاہ قوانین کے خلاف کسی بھی کارپویشن میں قرار داد منظور کرنے سب سے پہلے جی ایچ ایم سی کو اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو سیکولر قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ریاست ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی قیادت میں شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں کی مساوی ترقی ہورہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے قائد حیات حسین حبیب نے چیف منسٹر کے سی آر کو عوام کے درد کو سمجھنے والا قائد قرار دیا ۔ اسمبلی اور کونسل میں سیاہ قوانین کے خلاف قرار داد منظور کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی اسمبلی میں کی گئی تقریر کو ان کے سیکولر ہونے کا ثبوت ہونے کا دعویٰ کیا اور تلنگانہ میں حکومت سیکولر نظریات کے حامل قائد کے ہاتھوں میں محفوظ ہے ۔ انہوں نے حکومت پر دباؤ ڈالنے اور چیف منسٹر کو منانے میں اہم رول ادا کرنے والے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے بھی اظہار تشکر کیا اور این پی آر کے خلاف بھی جی او کی اجرائی ہونے کی توقع کا اظہار کیا ۔ ٹی آر ایس کے قائد ابرار حسین آزاد نے ریاست کے دونوں ایوانوں میں سیاہ قوانین کے خلاف منظورہ قرار داد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے اس کارنامہ پر بی جے پی غیر ضروری چراغ پا ہورہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت عوامی نبض سے بخوبی واقف ہے ۔ ان سیاہ قوانین کے خلاف سارے ملک میں احتجاج ہورہا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اس کی مخالفت کی ۔ جی ایچ ایم سی اور تلنگانہ کابینہ میں قرار داد منظور کرنے کے بعد اسمبلی اور کونسل میں قرار داد منظور کی گئی ہے ۔ جس کیلئے وہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔۔