سنگین معاشی چیالنجس اور دیگر امور سے توجہ ہٹانے بی جے پی کوشاں : جاوید جعفری
حیدرآباد۔24ڈسمبر(سیاست نیوز) ممتازفلم اداکار جاوید جعفری نے شہریت ترمیم قانون کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ ’’ دستور میں دیئے گئے حقوق کے تحت غیر دستوری عمل ‘‘ کیا جا رہاہے۔ انہو ںنے اس قانون کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں برسر اقتدار طبقہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کو درپیش سنگین معاشی چیالنجس اور دیگر امور سے توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کی حرکات کر رہی ہے۔ انہو ںنے سی اے اے کے خلاف جاری ایک احتجاج کے دوران اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی تھی لیکن ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعدنفرت انگیز مہم چلانے والوں نے انہیں راست ٹوئیٹر پر نشانہ بنانا شروع کردیا جس کے نتیجہ میں انہوںنے واضح کردیا کہ وہ اس قدر نفرت برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہیں اور انہوں نے کچھ دن کیلئے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کردیا ۔ جاوید جعفری کی جانب سے سی اے اے کی مخالفت کئے جانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ نظریہ سازی کا کام کرنے والوں کی جانب سے جاوید جعفری کو نشانہ بنایا جانے لگا تھا اور انہیں گالیاں دی جانے لگی تھیں جس پر جاوید جعفری نے اپنے ٹوئیٹر پیام میں کہا کہ ’’وہ اس حد تک ہتک اور نفرت برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہیں‘ اسی لئے حالات سازگار ہونے تک سوشل میڈیا سے دور رہیں گے اور پھر واپسی ہوگی ۔ انشاء اللہ ‘‘جاوید جعفری کے اس پیام کے بعد ان کے دیگر احباب نے بھی ان کے اقدام کی تائید کرتے ہوئے نفرت کے فروغ پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جو لوگ نفرت کا بازار گرما رہے ہیں وہ دراصل ملک کے بہتر مستقبل کے خواہشمند نہیں ہیں اور انہیں ملک کے دستور کی بھی پرواہ نہیں ہے۔ ان کے کئی احباب نے ٹوئیٹر پر ان کا دفاع کرنے کی ممکنہ کوشش کی لیکن سنگھی ذہنیت کے حامل پروپگنڈہ مشنری کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ان کے خلاف مسلسل ٹوئیٹ کرتے جا رہے ہیں ۔ٹوئیٹر پر بالی ووڈ کی کئی اہم اداکاراؤں نے بھی شہریت ترمیم قانون کی مخالفت کی ہے اور ان کو بھی نشانہ بنانے کی کوششیں کی جا تی رہی ہیں اور ہما قریشی نے انہیں نشانہ بنانے والوں کو مؤثر جواب بھی دیئے اور ہما قریشی کو بھی ان کی صنعت سے وابستہ کئی اہم شخصیات کے علاوہ ملک کے عوام کی زبردست تائید حاصل ہونے لگی ہے اور ان کی جانب سے سنگھی ذہنیت کے فروغ کیلئے کوشاں افراد کو جواب دیئے جانے کی سراہنا بھی کی جا رہی ہے جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا۔