ضلع کانگریس کریم نگر صدر ضلع کٹکم مرتنجیم کا بیان
کریم نگر۔/24 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نہ صرف ریاست بلکہ ملک بھر کے ہر شہر وگاؤں میں ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ مسلم اور غیر مسلم جن کا ہندوستانی آئین پر اعتماد و یقین مکمل ہے مرکزی حکومت کی جانب سے عوام مخالف مسلم و غیر مسلم کے درمیان شک و شبہات پیدا کرنے اور تفرقہ ڈالنے والا شہریت ترمیمی قانون زبردستی لاگو کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اس کے خلاف سبھی عوام جس میں ہر مذہب ، فرقہ و جماعت شامل ہیں ( سوائے بی جے پی ) سڑکوں پر اُتر آئے ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے تو پھر اس کی کیا ضرورت ہے، یہ کس کے خلاف ہے؟ جبکہ سارے امن پسند ہندوستانی احتجاج کررہے ہیں، مرکزی حکومت اس کا جواب دے۔ ان خیالات کا اظہار کریم نگر ضلع کانگریس کمیٹی صدر کٹکم مرتنجیم نے آج شام اپنی رہائش گاہ پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ہم خیال جماعتوں و دانشوروں کے ساتھ 25 ڈسمبر کو دوپہر دیڑھ تا دو بجے کے درمیان اندرا چوک پر حمع ہوکر وہاں سے جلوس کی شکل میں ہاتھوں میں پلے کارڈز، بیانرس اور فلیکسیز لے کر خاموش طریقہ سے کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع کلکٹر کو ایک یادداشت حوالے کریں گے۔ احتجاجی ریالی نکالنے کے لئے کمشنر پولیس سے بار بار اجازت طلب کرنے پر کوئی نہ کوئی وجہ بتاتے ہوئے ریالی کی اجازت نہیں دی گئی۔ اب بھی اس کی اجازت تحریری طرز پر نہیں دی گئی لیکن ہم نے 25 ڈسمبر کو دوپہر خاموش ریالی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو پرامن اور خاموش رہے گی۔ اس پریس کانفرنس میں محمد تاج الدین، محمد عبدالصمد، عبدالرحمن ، ایس اے محسن، رحمت حسین، مشتاق ، عقیل، نہال اور دیگر شریک تھے۔