وزیر داخلہ امیت شاہ کا اعلان ۔ قانون کے خلاف متحد ہوجانے 11 غیر بی جے پی چیف منسٹر وںکو چیف منسٹر کیرالا کا مکتوب
جودھپور / سلیگوڑی ( مغربی بنگال ) 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اعلان کیا کہ شہریت ترمیمی قانون پر عمل آوری کے معاملہ میں مرکزی حکومت ایک انچ بھی پیچھے نہیںہٹے گی جبکہ اس قانون کے تعلق سے سیاسی رسہ کشی میں اضافہ ہوگیا ہے اور چیف منسٹر کیرالا پی وجئین نے تمام 11 غیر بی جے پی چیف منسٹروں کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ اس قانون کو منسوخ کروانے کیلئے متحد ہوجائیں اور اپنی اپنی ریاستوں میں کیرالا کی طرح اسمبلی میں قرار داد منظور کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور سکیولر ازم کو بچانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے ۔ سی اے اے کے حق میں شعور بیداری پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے امیت شاہ نے کانگریس پر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور انہوں نے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کو چیلنج کیا کہ انہوں نے آیا اس قانون کو پڑھا بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی نے یہ قانون پڑھا ہے تو وہ کہیں بھی مباحث کیلئے آسکتے ہیں ۔ امیت شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت اس قانون پر عمل آوری کریگی اور اس معاملہ میں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ملک بھر میں 500ریلیاں منظم کی جائیں گی جن کا آعاز ہفتے کو ہوچکا ہے ۔ اس دوران ملک کے تین کروڑ عوام میں شعور بیدار کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس قانون کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے اس لئے ان کی پارٹی کو یہ مہم شروع کرنی پڑی ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو اس مسئلہ پر ایک ہوجانے دیجئے ۔ بی جے پی اس پر ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ کے حلقہ انتخاب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ پر گمراہ کن مہم چلا رہی ہیں اسی لئے بی جے پی نے عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کرنے ملک بھر میں 500 ریلیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ذریعہ ملک کے تین کروڑ خاندانوں میں اس قانون کے تعلق سے شعور بیدار کیا جائیگا ۔ اس دوران چیف منسٹر کیرالا پی وجئین نے گیارہ غیر بی جے پی چیف منسٹروں کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ مسٹر وجئین نے اس مکتوب میں کیرالا اسمبلی میں اس قانون کو واپس لینے سے متعلق قرار داد کی منظوری کا تذکرہ کیا اور ان چیف منسٹروں سے خواہش کی کہ وہ بھی اپنی ریاستوں میں ایسی قرار دادیں اسمبلیوں میں منظور کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی کے اقتدار میں ملک میں دستور اور سکیولرازم کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام غیر بی جے پی چیف منسٹرس اس قانون کے خلاف متحد ہوجائیں ۔ ایک متحدہ جدوجہد کے ذریعہ ہی اس ملک میں دستور اور سکیولر ازم کو بچایا جاسکتا ہے ۔