حیدرآباد۔/8 جنوری، ( پی ٹی آئی ) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبہ کے ایک گروپ نے چہارشنبہ کو یہاں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ان طلبہ نے شہریت ترمیمی قانون سے دستبرداری، این آر سی واپس لینے اور این پی آر واپس لینے کی تائید میں نعرہ بازی کی۔ اتحاد زندہ باد کے نعرہ لگائے گئے۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی طلبہ یونین کے بیانر تلے ان طلبہ نے یہ احتجا ج کیا ۔ طلبہ کی ملک گیر ہڑتال کے ایک حصہ کے طور پر کلاسیس کا بائیکاٹ کیا گیا اور کیمپس سے ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی طلبہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے باب الداخلہ پر جمع ہوئے تھے اور انہوں نے مظاہرہ کیا۔ وہ اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جس پر سی اے اے، این پی آر، مسترد کرو، آل انڈیا این آر سی مسترد کرو، زعفرانی حکومت مسترد کرو اور جمہوریت بچاؤ کے نعرے درج تھے۔