شہریت ترمیمی قانون کے خلاف خواتین کا احتجاج قابل ستائش

   

تنظیم انصاف ریاستی کونسل کا اجلاس، سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) تنظیم انصاف ریاستی کونسل کا اجلاس مخدوم بھون میں منعقد ہوا جس میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے مندوبین نے شرکت کی۔ صدر آل انڈیا تنظیم انصاف و سابق رکن پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حالات اور مسلم مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کا موجودہ بجٹ گزشتہ سال کے مقابلے کم کیا گیا ہے۔ یہ تخفیف فلاحی اسکیمات کو متاثر کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3016 روپئے الائونس کا وعدہ کے سی آر حکومت نے پورا نہیں کیا ہے۔ نوجوانوں نے روزگار کے لیے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا۔ عزیز پاشاہ نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف عوامی جدوجہد اور بالخصوص خواتین کے احتجاج کی ستائش کی اور کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر خواتین احتجاج کررہی ہیں جو شعور بیداری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 144 مقامات پر شاہین باغ طرز پر احتجاج جاری ہے۔ بہار کے گیا میں 25 تا 30 فیصد غیر مسلم خواتین احتجاج میں شامل ہیں۔ انہوں نے دہلی کے فسادات کو منصوبہ بند اور نسل کشی سے تعبیر کیا۔ عزیز پاشاہ نے فسادات کے سلسلہ میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی برطرف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت فسادات پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات فسادات کی طرح دہلی میں تجربہ کیا گیا ہے۔ محمد عبدالسلام نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ شیخ ندیم، شمس الدین، محمد انور، منیر پٹیل، عبدالسلام اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ محمد فیاض کو انصاف کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا۔