شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرار داد منظور کرنے اور کورونا وائرس پر مباحث کا تیقن

   

Ferty9 Clinic

8 مارچ کو بجٹ کی پیشکشی ، بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ، چیف منسٹر کے سی آر کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرار داد منظور کرنے اور کورونا وائرس پر بھی مختصر مباحث کرنے کا اعلان کیا ۔ گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کے خطبہ کے بعد اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کے چیمبر میں بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں 20 مارچ تک اسمبلی کا بجٹ سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر ، وزراء ہریش راؤ ، پرشانت ریڈی ، کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک اور مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں طئے پایا کہ 8 مارچ بروز اتوار کو بجٹ پیش کیا جائے گا ۔ 9 اور 10 مارچ کو ہولی تہوار کے پیش نظر اسمبلی کو تعطیل رہے گی ۔ اس کے علاوہ 15 مارچ کو بروز اتوار اسمبلی کو تعطیل رہے گی ۔ جملہ 12 دن تک اسمبلی کا بجٹ سیشن جاری رہے گا ۔ اگر ضرورت پڑی تو 20 مارچ کو ایک اور بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے بجٹ اجلاس میں توسیع کرنے کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ٹی آر ایس نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ووٹ دیا تھا اور تلنگانہ کی کابینہ میں بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرار داد منظور کی گئی تھی ۔ آج منعقدہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں چیف منسٹر نے بتایا کہ ان کی حکومت اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرار داد منظور کرے گی ۔ ساتھ ہی چیف منسٹر کے سی آر نے کورونا وائرس کے تعلق سے عوام میں پائی جانے والی تشویش اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر مختصر مباحث کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ تاکہ عوام میں پائے جانے والی بے چینی کو دور کیا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست کے عوام کو ڈر و خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت اس وائرس سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہے ۔ اس سے عوام کو واقف کرنا اور ڈر و خوف کو دور کرنا ضروری ہے ۔۔