شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ٹولی چوکی میں احتجاج ‘ معمولی کشیدگی

   

حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف دونوں شہروں میں ہنوز احتجاج جاری ہے۔ شہر کے مصروف ترین علاقہ ٹولی چوکی چوراہے پر آج اس وقت ٹریفک جام ہوگئی جب نوجوانوں کے ایک گروپ نے اچانک اپنا احتجاج شروع کردیا۔ احتجاجیوں نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ان سیاہ قوانین کو فوری برخواست کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس اچانک احتجاج کے نتیجہ میں ٹولی چوکی چوراہے پر دو گھنٹوں تک ٹریفک جام ہوگئی اور پولیس نے وہاں پہنچ کر احتجاجیوں کو منتشر کردیا۔پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال پر احتجاجیوں نے برہمی کی لہر دوڑ گئی اور پولیس کے رویہ کے سبب ہلکی سی کشیدگی بھی محسوس کی گئی ۔احتجاج جاری رکھنے کے نتیجہ میں مزید پولیس فورس کو طلب کیا گیا تاکہ احتجاجیوں کو وہاں سے نکالا جاسکے ۔ لیکن اس کے بر خلاف نوجوانوں کی کثیر تعداد احتجاج میں شامل ہوگئی۔