نئی دہلی 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے جمعہ کو وزیرداخلہ امیت شاہ کے ریمارک ’’تاریخ کو سمجھو‘‘ پر شدید تنقید کی۔ واضح رہے کہ شاہ کا ریمارک این آر سی اور سی اے اے کے تناظر میں ہے۔ وڈرا کی یہ تنقید شاہ پر اُس وقت سامنے آئی جبکہ ملک بھر میں متنازعہ این آر سی اور سی اے اے پر شدید احتجاج ہورہا ہے۔ دونوں متنازعہ قوانین کی کانگریس سخت مذمت اور مخالفت کررہی ہے اور یہ بھی اس کا ماننا ہے کہ یہ (قوانین) غیر آئینی اور امتیازی سلوک کے حامل ہیں۔ ’’تاریخ کو سمجھو‘‘ پہلے وہ آپ سے دو کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کریں گے۔ بعدازاں وہ یونیورسٹی کو، حکومت بنانے کے بعد تباہ کریں گے اور اس کے بعد وہ آئین کو تباہ کریں گے۔ جب آپ احتجاج کریں گے تو وہ آپ کو بیوقوف و احمق گردانیں گے۔ تاہم ہمارے نوجوان اس (بیوقوف والے) ریمارک کو نظرانداز
کریں گے کہ انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یاد رہے کہ امیت شاہ نے مبینہ طور پر اپریل میں ہوئے لوک سبھا انتخابات کے موقع پر کہا تھا کہ ’’آج تاریخ کو سمجھ لیجئے‘‘۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پہلے سی اے بی آئے گا، پھر این آر سی۔ صرف بنگال کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کا احاطہ کیا جائے گا۔
