شہریت قانون و این آر سی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

,

   

مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر اور بارکس میں مظاہرے ۔ ایرہ کنٹہ میں پرامن ریلی نکالی گئی
حیدرآباد /14 فروری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاج جاری ہے ۔ مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر اور بارکس ایرہ کنٹہ میں این آر سی کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔ بعد نماز جمعہ سینکڑوں افراد مسجد عزیزیہ کے باہر جمع ہوگئے اور سڑک پر بیٹھ کر این پی آر ، این آر سی اور سی اے اے کے خلاف نعرے بازی کی ۔ عوام پلے کارڈس و بیانرس تھامے تھے اور حکومت کے سیاہ قانون کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اچانک احتجاج کے بعد پولیس سرگرم ہوگئی اور احتجاجیوں کا محاصرہ کرلیا گیا ۔ احتجاجیوں نے نعرے بازی کے دوران کہا کہ حکومت اقلیتوں کو نشانہ بنانے این آر سی ، سی اے اے و دیگر سیاہ قوانین متعارف کر وارہی ہے ۔ حکومت اس حرکت سے ملک بھر میں بے چینی پائی جاتی ہے اور مذہب کی بنیاد پر ملک کو باٹنے کی سازش ہے ۔ بعد نماز جمعہ ممتاز باغ ایرہ کنٹہ ، بارکس میں بھی پُر امن ریالی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی عوام نے حصہ لیا اور احتجاج درج کروایا ۔ احتجاجیوں نے یہ کہا کہ حکومت سیاہ قانون کو فوری واپس لے تاکہ ملک میں امن و امان برقرار رہے ۔ اس ریالی میں کم عمر بچے بھی شامل تھے اور اپنے ہاتھوں میں ترنگے تھامے ہوئے تھے ۔