شہریت قانون کیخلاف کمیونسٹ پارٹیوں کا آج چارمینار سے جلوس

,

   

Ferty9 Clinic

نمائش میدان پر جلسہ عام،کمیونسٹ اور مسلم قائدین خطاب کرینگے، شرکت کیلئے عزیز پاشاہ کی اپیل

حیدرآباد۔18 ڈسمبر(سیاست نیوز) جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے 19 ڈسمبر بروز جمعرات 11 بجے دن نمائش میدان میں شہریت ترمیم قانون اور این آر سی کے خلاف جلسہ عام اور مظاہرہ کیا جائے گا اور اس احتجاجی پروگرام کو تمام طلبہ تنظیموں کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس احتجاجی جلسہ عام میں مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی ‘ مسٹر ٹی سیتا رام‘ مسٹر ایم سرینواس‘ کے علاوہ ریاست تلنگانہ کی مختلف جامعات کے طلبہ تنظیموں کے قائدین موجود رہیں گے۔ احتجاجی جلسہ عام سے بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کے علاوہ مولانا نصیر الدین‘ مولانا حامد محمد خان اور دیگر اہم سرکردہ شخصیات مخاطب کریں گی۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں این آر سی کے نفاذ کو روکنے اور مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیم قانون کی منظوری کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کے حصہ کے طور پر شہر حیدرآباد میں بائیں بازو جماعتو ںکی جانب سے اس جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ بائیں بازو جماعتیں ہر طرح کے ظلم کے خلاف کھڑی ہوئی ہیں اور دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ ‘ اتر پردیش میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے علاوہ ندوۃ العلماء کے طلبہ پر پولیس کی جانب سے کئے گئے مظالم کے خلاف بھی اس جلسہ عام کے دوران اظہار یگانگت کیا جائے گا۔جناب سید عزیز پاشاہ نے عوام الناس سے بڑی تعداد میں احتجاجی پروگرامس میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس احتجاج کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششوں کو ناکام بنائیں کیونکہ مرکز مبینہ طور پر اس احتجاج کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے جبکہ احتجاجی مظاہرین میں تمام مذاہب کے ماننے والے شامل ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف شروع کیا جانے والا یہ احتجاج اب عوامی احتجاج میں تبدیل ہوچکا ہے اور اس احتجاج کی کوئی قیادت نہیں کر رہا ہے کیونکہ عوام نے تحریک اپنے ہاتھ میں لے لی ہے اور وہ فرقہ پرستوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔