شہریوں میں کورونا سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کیا جائے

   

ریاستی چیف سکریٹریز سے کابینی سکریٹری راجیو گوباکی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد: مرکزی کابینی سکریٹری راجیو گوبا آئی اے ایس نے ریاستوں کے چیف سکریٹریز سے خواہش کی ہے کہ وہ شہریوں میں کورونا سے بچاؤ کے سلسلہ میں شعور بیداری کے لئے سرگرمی سے مہم چلائیں۔ مہم کے ذریعہ عوام میں احتیاطی تدابیر کی تشہیر کی جائے تاکہ مہلک مرض سے بچایا جاسکے۔ کابینی سکریٹری نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ کووڈ۔19 پر ویڈیو کانفرنس کی۔ انہوں نے چیف سکریٹریز پر زور دیا کہ وہ تہوار اور موسم گرما کے پیش نظر چوکسی برقرار رکھیں۔ ان لاک سرگرمیوں کے تحت معاشی سرگرمیوں کے آغاز کے تحت چوکسی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کسی بھی مقام پر ہجوم کی اجازت نہ دینے کی خواہش کی۔ کابینی سکریٹری نے کہا کہ عوام میں کورونا ٹسٹ کے خوف کو دور کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ ٹسٹ کے حق میں حوصلہ افزائی کی جائے ۔ انہوں نے کورونا سے بچاؤ کے لئے سماجی فاصلہ ، ماسک کے استعمال اور ہاتھوں کو صاف رکھنے پر توجہ دینے کی خواہش کی ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار ، سکریٹری ہیلپ رضوی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار ویڈیو کانفرنس میں شریک ہوئے۔