ہندوستان میں تحفظ بل کی منظوری کا انتظار ، ڈاٹا کی حفاظت ناگزیر
پہلی قسط
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) شہریوں کا ڈاٹا(تفصیلات) دنیا کیلئے نیا تیل ہے۔ جی ہاں شہریوں کی تفصیلات دنیا میں موجود ای۔کامرس کمپنیوں کیلئے تیل جیسی ہی قیمتی ہے اور حکومتوں کی جانب سے عوامی ڈاٹا کا حصول بھی اسی تناظر میں دیکھا جانے لگا ہے کیونکہ ہندستانکے علاوہ دیگر ممالک میں موجود ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ڈاٹا جمع کرنے کے سلسلہ میں ہندستانی قوانین کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ہندستان میں ڈاٹا پروٹیکشن بل کو روشناس کروایا جا چکا ہے لیکن اب بھی کئی کمپنیوں کی جانب سے حکومت کے اس بل کے قانون بننے کا انتظار کیا جا رہا ہے کہ تاکہ حکومت کے فیصلہ اور قانون سازی کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جاسکے۔ ٹکنالوجی کمپنیوں کے علاوہ ای۔کامرس اداروں کے پاس موجود ڈاٹا کی فروخت کا بڑا مارکٹ بنتا جا رہاہے لیکن ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد مقامی ڈاٹا کے تحفظ کے سلسلہ میں بل لانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں بل روشناس کروایا جاچکا ہے لیکن ابھی تک قانون سازی نہیں کی گئی ۔ حکومت کی جانب سے بل روشناس کروانے سے قبل شہریوں کی تفصیلات کو محفوظ رکھنے کے سلسلہ میں متعدد اقدامات کے اعلانات کئے جاتے رہے ہیں لیکن جب بل روشناس کروایا گیا تو اس میں کوئی سختی والے قوانین کو روشناس کروانے سے گریز کیا گیا لیکن اب بھی یہ بل جوں کا توں ہے اور قانون سازی نہیں ہوپائی ہے جس کے سبب ہندستان میں ڈاٹا کے تحفظ کے سلسلہ میں کوئی قانون سازی نہیں کی گئی لیکن اب کہا جا رہاہے کہ ای کامرس اداروں کی جانب سے حکومت پر دباؤ ڈالا جانے لگا ہے کہ جلد از جلد قانون سازی کی جائے ۔ ہندستانی عوام کی قوت خرید اور ہندستان میں موجود بڑی آبادی کا ڈاٹا دنیا بھر میں آن لائن کام کرنے والے اداروں اور ای کامرس اداروں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اسی لئے ان کمپنیوں کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ مقامی ڈاٹا حاصل کیا جائے اور ایسے میں جب حکومت کی جانب سے عوام کی تفصیلات حاصل کی جانے لگتی ہیں تو عوام کے شبہات میں مزید اضافہ ہونے لگتا ہے کیونکہ جب تیل کی طرح قیمتی ڈاٹا اور شہریوں کی تفصیلات ہونے لگ جاتی ہیں تو ان کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اسے تجارت کا ذریعہ بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہوتا بلکہ حکومت کی جانب سے قانون سازی نہ کئے جانے کی صورت میں ای کامرس اداروں کے علاوہ دیگر آن لائن تجارتی اداروں کے پاس موجود شہریوں کا ڈاٹا اور ان کی تفصیلات دیگر اداروں اور کمپنیوں تک پہنچ سکتی ہیں اسی لئے مقامی سطح پر اس ڈاٹا کا تحفظ یقینی بنایا جانا ناگزیر ہے اور ایسا اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب مرکزی حکومت کی جانب سے ڈاٹا کے تحفظ کے سلسلہ میں واضح قانون سازی کو ممکن بنایا جائے۔ ( سلسلہ جاری )