جاسوسی کرنے کی اطلاعات گمراہ کن : روی شنکر پرساد
نئی دہلی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ حکومت اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔ شہریوں کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کرتی جبکہ شہریوں کی جاسوسی کرنے ان پر نظر رکھنے جیسی شکایات گمراہ کن ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران شہریوں کے ڈیٹا کی سلامتی پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں الیکٹرانکس ایف آئی ٹی وزیر روی شنکر پرساد نے کہاکہ حکومت قانون کی دفعات کے مطابق ہی سختی سے عمل پیرا ہے اور پروٹوکول پر کاربند ہے۔ حکومت کی جانب سے معصوم شہری کی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے مناسب سکیورٹی انتظامات کئے جاتے ہیں۔ حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی پابند ہے۔ اس میں شہریوں کی ذاتی زندگیوں کا تحفظ بھی شامل ہے۔ روی شنکر پرساد نے کہاکہ برطانیہ کے ریسرچ فرم کے تعلق سے جو خبریں آرہی ہیں اس میں شہریوں پر کڑی نظر رکھنے والے ملکوں میں روس اور چین کے بعد ہندوستان کا نمبر ہے۔ اُنھوں نے اس بات کی تردید کی کہ حکومت شہریوں کے کسی بھی قسم کی معلومات کو اکٹھا کررہی ہے۔