شہریو ں کی غفلت و لاپراہی کورونا وباء میں اضافہ کا سبب

   

ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے عوام سے اپیل : ڈائرکٹر سی سی ایم بی

حیدرآباد۔ شہریوں کی غفلت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے کیونکہ شہریو ںکی جانب سے ماسک کے استعمال سے کئے جانے والی بے اعتنائی اور پر ہجوم مقامات پر سماجی فاصلہ نہ رکھے جانے کے سبب کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ڈائریکٹر سی سی ایم بی مسٹر راکیش مشرا نے یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے لئے عوام کی جانب سے برتی جانے والی غفلت ذمہ دار ہے اور ان حالات کو بہتر بنانے کے علاوہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ کو اختیار کیا جائے اور ان مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے جہاں ہجوم زیادہ ہو۔ معروف سائنسداں راکیش مشرا نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں 54فیصد آبادی میں کورونا وائرس سے مقابلہ کی اہلیت ہے اور54 فیصد آبادی کا یہ تجزیہ ایک سروے سے کیا گیا ہے جس میں یہ واضح ہوا ہے کہ شہر یان حیدرآباد کی قوت مدافعت کورونا وائرس کو روکنے کی اہل ہے اور 54 فیصد شہری ایسے ہیں جو اس وبائی مرض کا بہ آسانی مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور سی سی ایم بی کے پاس موجود تحقیق کے دوران اب تک کورونا وائرس کی 300 اقسام سامنے آچکی ہیں اور ان میں کونسی قسم کس طرح کے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اس کا ابھی جائزہ لیا جا رہاہے۔ انہو ںنے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں جس صورتحال کا سامنا تھا اس وقت تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ یہ وبائی مرض مختلف عارضوں کا شکار افراد کو متاثر کر رہا ہے جبکہ اس کے بعد جو تحقیق سامنے آئی اس میں یہ بات سامنے آئی کہ جن لوگوں کی قوت مدافعت کمزور ہے وہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ ماسک کے استعمال اور صفائی کو بہتر بناتے ہوئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات میں تعاون کیا جاسکتا ہے ۔