ملک میں اوسط کرایہ 18,500 روپئے ، مغربی اور جنوبی ریاستوں میں اضافہ کا رجحان
حیدرآباد ۔23 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ملک کی اہم ریاستوں میں شہری آبادی میں اضافہ کا اثر رہائشی و تجارتی کرایہ میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ قومی سطح پر کئے گئے سروے کے مطابق ترقی یافتہ ریاستوں میں کرایہ کی شرح چھوٹی اور غیر ترقی یافتہ ریاستوں کے مقابلہ زیادہ ہے۔ شہری علاقوں میں توسیع کے سبب بھی کرایہ میں اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے ۔ مغربی اور جنوبی ریاستوں میں دیگر ریاستوں کے مقابلہ کرایہ کا اوسط زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی ریاستیں جہاں رہائش کے اخراجات کم ہیں، وہاں مختلف ریاستوں سے نقل مقام کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں مقامی کرایہ میں اضافہ ہوا ہے ۔ قومی سطح پر اقل ترین کرایہ 18500 روپئے درج کیا گیا۔ اترپردیش ، مہاراشٹرا ، تلنگانہ ، راجستھان ، گجرات ، کرناٹک اور ٹاملناڈو کے علاوہ مغربی بنگال میں زائد کرایہ حاصل کیا جارہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ترقی کی رفتار کے اعتبار سے کرایہ کا تعین کیا جاتا ہے ۔ مہاراشٹرا میں اوسط کرایہ 40,000 روپئے درج کیا گیا جبکہ کرناٹک میں 20,000 ، ٹاملناڈو 25,000 اور تلنگانہ میں 27,000 اوسط کرایہ ہے۔ آندھراپردیش میں 17500 ، اترپردیش 24,000 ، مدھیہ پردیش 15,500 ، راجستھان 16,500 اور بہار میں 12,500 اوسط کرایہ طئے کیا گیا۔ صنعتی اعتبار سے ترقی کرنے والی ریاست گجرات میں اوسط کرایہ 22,000 روپئے ہے۔ چھوٹی ریاستوں میں کرایہ کی شرح بھی کم درج کی گئی ہے۔1