شہری آبادی کو بہتر بنیادی سہولیات بہم پہنچانا اسمارٹ سٹی کا اصل مقصد:نیشنل کانفرنس

   

سری نگر:اسمارٹ سٹی کا مقصد محض لیپاپوتی پر مبنی اقدامات نہیں بلکہ شہری آبادی کو تمام بنیادی سہولیات بہم پہنچاناہوتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ شہرسرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کیلئے مختص رقومات کو ایسے فضول کاموں پر خرچ کیا جارہاہے جن سے عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوگا۔ان باتوں کا اظہار یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار بھی موجود تھے ۔سلمان علی ساگر نے کہا کہ شہر سری نگر کو ابھی سڑک، بجلی اور پانی جیسے مسائل کا سامناہے اور حکومت کی توجہ پہلے لوگوں کو ایسے ہی بنیادی ضروریات بہم پہنچانے کی طرف ہونی چاہئے تھی اور سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے ذریعے ایسے کام آسانی سے انجام دیئے جاسکتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمارٹ سٹی کے خلاف نہیں لیکن حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی باعث تشویش ہے ۔