شہری اور دیہی علاقوںمیں ترقیاتی اسکیمات پر توجہ دی جائے

   

ایڈیشنل کلکٹر اور عہدیداروں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت، شجرکاری پر توجہ دی جائے

حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق اسکیمات کا جائزہ لینے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر یہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں مجالس مقامی کے ایڈیشنل کلکٹرس اور بلدی نظم و نسق و پنچایت راج کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے ۔ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی اسکیمات پر عمل کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ نئے قوانین پر بہتر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ سومیش کمار نے کہا کہ حکومت نے گرام پنچایت اور میونسپلٹیز کیلئے نئے قانون وضع کئے جن کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔ قوانین پر موثر عمل آوری کیلئے حکومت نے مجالس مقامی کے انچارج ایڈیشنل کلکٹرس کا عہدہ قائم کیا ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیںکہ ہر گرام پنچایت و اربن لوکل باڈی میں کلین اینڈ گرین و صحت و صفائی انتظامات کئے جائیں۔ پنچایتوں اور لوکل باڈیز کو ماہانہ 456 کروڑ جاری کئے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ وقفہ وقفہ سے گرام پنچایتوں اور لوکل باڈیز کا دورہ کرکے سڑکوں اور ڈرینج کے مسائل کا جائزہ لیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ کسی کوتاہی پر عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ چیف سکریٹری نے مارچ تک تعمیری کاموںکی تکمیل کی ہدایت دی ۔ پنچایتوںاور لوکل باڈیز میں کچرہ کی نکاسی کیلئے شیڈس کے علاوہ ویجیٹرین مارکٹس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے ۔ شہری و دیہی علاقوں میں شجرکاری خصوصی توجہ دی جائے ۔ نئے قانون کے تحت بجٹ کا 10 فیصد حصہ شجرکاری اور اس سے متعلق سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ شجرکاری کے بعد پودوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عمارتوں کے تعمیری کاموںکی اجازت کیلئے میں ٹی ایس بی پاس سسٹم متعارف کیا ہے تاکہ اجازت نامے شفافیت کے ساتھ جاری کئے جائیں۔ ایڈیشنل کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ بلڈنگ پرمیشن کی عاجلانہ منظوری کو یقینی بنائیں اور سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں پر نظر رکھیں۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری بلدی نظم ونسق اروند کمار ، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج ، سکریٹری پنچایت راج ، سندیپ کمار سلطانیہ ، سکریٹری زراعت ، ڈاکٹر جناردھن ریڈی ، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ روس ، کمشنر پنچایت راج رگھونندن راؤ ، سکریٹری ہیلت مرتضی علی رضوی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔