شجرکاری پر توجہ دی جائے، چیف سکریٹری سومیش کمار کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد: تلنگانہ میں مجالس مقامی کی کارکردگی بہتر بنانے ، ہریتاہرم ، دھرانی پورٹل اور کورونا ٹیکہ اندازی جیسے مسائل پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس ، ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی اور خاص طورپر صحت و صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں اچانک معائنے کرتے ہوئے جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہری اور دیہی علاقوں کی یکساں ترقی چاہتے ہیں۔ چیف سکریٹری نے صحت و صفائی کے علاوہ شجرکاری پروگرام پر توجہ دینے ، گرام سبھاؤں کے انعقاد کے ذریعہ مقامی طور پر ترقیاتی اورفلاحی اسکیمات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کی آمد کے پیش نظر عہدیداروں کو سیزنل کیلنڈر تیار کرنا چاہئے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے ورنگل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے شجرکاری کے سلسلہ میں جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں کھلے مقامات پر شجرکاری کی جائے۔ پلے پرگتی پروگرام کے تحت زیر التواء کاموںکی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔ انہوں نے دھرانی پورٹل اور اراضیات سے متعلق زیر التواء درخواستوں کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے خصوصی فوڈ پروسیسنگ زونس اور ویجیٹیرین و نان ویجیٹیرین مارکٹس کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیات کو مارکٹس کی تعمیر کیلئے الاٹ کیا جائے ۔ چیف سکریٹری نے ہائی رسک گروپس کیلئے کورونا ٹیکہ اندازی پر توجہ دینے اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری شانتی کماری ، پرنسپل سکریٹری اروند کمار ، سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ ، سکریٹری سید علی مرتضیٰ رضوی ، لوکیش کمار کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔