شہری ترقی کیلئے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ضروری

   

گھروں کے قریب کچرا ڈالنے پر 500روپئے جرمانہ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب

سدی پیٹ۔/3 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ نے اپنے حلقہ سدی پیٹ کے دورہ کے موقع پر کئی ایک فلاحی و ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کی۔ سوڈا خوبصورت شہر مشن کے تحت آج وزیر ہریش راؤ نے دوپہر کے اوقات کار میں رورل پولیس اسٹیشن تا منی ٹینک بنڈ کے دامن میں نصب سردار پاپنا گوڑ مجسمہ سے لے کر بابو جگجیون رام سرکل تک اوایل یو پلانٹٹیشن کے 6 ہزار مختلف اقسام کے پھولوں والے پودوں کے علاوہ دیگر9 ہزار پودے لگانے کے عمل کا آغاز کیا۔ اس شجرکاری پروگرام میں صدر نشین بلدیہ راج نرسو، سوڈا چیرمین رویندر ریڈی، وائس چیرمین کے ری رمنا چاری ، سوڈا ڈائرکٹرس کے علاوہ رکن بلدیہ عبدالمعز نے حصہ لیا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے بلدیہ سدی پیٹ کے 24 وارڈ کے علاقہ این ٹی آر نگر میں این یو ایل ایم ، ایس ایف سی سے جاری کردہ 76 لاکھ رقمی بجٹ سے تعمیر کردہ انٹیگریٹیڈ مارکٹ بھون کا افتتاح انجام دیا۔ دریں اثناء انہوں نے وارڈ ہدا میں منعقدہ شہری ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی صفائی سے ممکن ہے۔ ہر شہری صفائی کے خیال کو ملحوظ رکھے صرف اپنے گھروں تک ہی نہیں بلکہ اپنے گلی کوچوں میں بھی خصوصاً نالیوں میں پلاسٹک کی اشیاء اور کوڑا کرکٹ ڈالنے سے پرہیز کریں۔ایسا نہ کرنے کی صورت میں500 روپئے جرمانہ عائد کیاجائے گا۔ حتی الامکان اپنے گھروں کے آنگن اور سامنے کے احاطہ میں پودے لگانے اور اس کی افزائش و نگہداشت کریں۔ شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے میں ہر شہری حصہ لے۔ سدی پیٹ میں عنقریب مختلف مارکٹس کی تعمیر کا بھی منصوبہ ہے۔ انہو ں نے اس پروگرام میں شریک خواتین سے صفائی سے متعلق تجاویز و مشورے لئے۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر مجمل خان، بلدیہ کمشنر سرینواس ریڈی اور دیگر موجود تھے۔