بودھن میں زنجیری بھوک ہڑتال سے کانگریس قائد سبارائو کا خطاب
بودھن۔5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن کے امبیڈکر چوراستہ پر CAA ، NRC کے خلاف جاری زنجیری بھوک ہڑتال آج پانچویں دن میں داخل ہوگئی۔ اس موقع پر آج کانگریس پارٹی کے سینئر قائد کے سبا رائو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ قانون شہریت ترمیمی بل سکیولرزم کے مغائر ہے۔ انہوں نے کہا کہ CAA اور NRC سے ناصرف مسلم افراد بلکہ مستقبل میں اس کالے قانون کی زد میں قبائل اور پسماندہ طبقات کے نوے فیصد سے زیادہ افراد متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے گئے دستور ہند میں تقریباً 70 سال کے بعد تبدیلی لانے کا خیال کوئی نیا نہیں ہے یہ وقفہ وقفہ سے بعض فرقہ پرست افراد ملک میں نقص امن کا مسئلہ پیدا کرکے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن انہیں ماضی میں یا اب کبھی بھی پھلنے پھولنے سے روکنے ملک کے کروڑہا سکیولر عوام الناس سڑکوں پر اترتے رہے ہیں۔ قانون ترمیمی بل کے خلاف بودھن کے امبیڈکر چوراستہ پر جاری زنجیری بھوک ہڑتال کے تیسرے دن جناب سید خواجہ ناظم الدین قادری سلطان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جاری بھوک ہڑتال کا اختتام تب ہی ہوگا جب مرکزی حکومت کی طرف سے 12 ڈسمبر 2019ء کے روز پارلیمنٹ میں منظور کئے گئے سیاہ بل کو مرکزی حکومت واپس لینے کا اعلان کرے۔ اس موقع پر مولانا سید عبدالباقی قادری نظامی، مولانا جاہ محمد مشہودی جناب عابد حسین فاروقی و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔