شہری علاقوں میں آئندہ تین برسوں میں اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر

   

G+3 اور G+4 عمارتوں کی تجویز، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کا انکشاف
حیدرآباد 5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں شہری علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کئے جائینگے۔ سرینواس ریڈی نے تمام ضلع عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا جائزہ لیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے دو برسوں میں غریبوں کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب اور مستحق خاندان اندراماں ہاؤزنگ اسکیم سے محروم نہیں رہے گا اور ہر کسی کو مکان الاٹ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مکانات کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ تین برسوں میں شہری علاقوں میں مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں G+3 اور G+4 طرز پر مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کیلئے یہ مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 3.82 لاکھ مکانات کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں اراضی کی قلت کے سبب ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کے ذریعہ مکانات الاٹ کنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت کی اراضی پالیسی پر کے ٹی آر کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں صنعتی اراضی کی رہائشی اغراض کیلئے منتقلی کے ہر معاملہ کو عوام میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے جو اراضی منتقل کی ، ایک ایک گز کا حساب عوام میں پیش کرتے ہوئے بی آر ایس کے دوہرے معیار کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں اراضیات کی منتقلی کوئی نئی پالیسی نہیں ہے ۔ سابق میں بھی شہری علاقوں سے صنعتوں کو دور دراز منتقل کیا جاچکا ہے ۔ کے ٹی آر نے وزیر بلدی نظم نوسق کی حیثیت سے 101 کروڑ میں اراضی فروخت کی ہے ۔ بی آر ایس دور حکومت کے تمام معاملات کو بے نقاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایل بی نگر میں واقع سیریز کمپنی کی اراضی کو رہائشی اراضی میں بی آر ایس نے تبدیل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیمیکل انڈسٹریل زون کی اراضی کو رہائشی اراضی میں تبدیل کرنے والے بی آر ایس قائدین کانگریس حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے لئے حکومت نے اراضی منتقلی پر چارجس عائد کئے ہیں۔1