شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے پر زور: چیف منسٹر

   

حیدرآباد۔4۔جون۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے شہری علاقوں میں ایمرجنسی عملہ کی 24X7 دستیابی کو یقینی بنانے اور تالابوں ‘ سڑکوں اور ڈرین کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی پر زور ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ مانسون کے دوران بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات کو دو رکرنے‘ ٹریفک مسائل کی بروقت یکسوئی کے ساتھ شہری علاقوں کی ترقیات کا جائزہ لیا ہے اور کہا کہ شہری علاقوں کی جامع ترقی کیلئے سڑکوں کی توسیع‘ گنجان آبادی والے علاقوں سے پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی پالیسی ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے شہر حیدرآباد میں نشاندہی کردہ 141 مقامات جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں سے پانی کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر زور دیا اور آٹومیٹک پمپ کے ذریعہ نکاسی کرتے ہوئے صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کئے جائیں۔چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ موسمیات کے انتباہ پر خصوصی نظر رکھیں اور ان الرٹ کے مطابق مانسون کے دوران اقدامات کریں۔ انہوںنے ریاستی محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسم باراں کے دوران صورتحال پر نظر رکھنے اورکمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ مسلسل بارش اور سیلاب کی صورت پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں۔چیف منسٹر نے متعلقہ محکمہ جات بالخصوص پولیس‘ ٹریفک پولیس ‘ حیڈرا‘ اور مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ساتھ کام انجام دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ موسم باراں کیلئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے شہری علاقوں میں زونل سطح پر سروے کے ذریعہ مسائل کی نشاندہی کو یقینی بنائیں اور زونل سطح پر ہی ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات کو تیز کریں۔3