شہری علاقوں میں کانگریس کے استحکام پر توجہ دینے دیپا داس منشی کا مشورہ

   

نوجوانوں کو پارٹی سے قریب کرنے کی ضرورت، ضلع کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی تشکیل سے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا اتفاق، عنقریب ضلعی دورے
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں کانگریس کے استحکام پر توجہ دیں کیونکہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا مظاہرہ شہری علاقوں میں کمزور رہا۔ دیپا داس منشی نے گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی جانب سے متحدہ ورنگل، کریم نگر اور نظام آباد اضلاع کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی قائدین کا احساس تھا کہ حکومت کو صرف کسانوں پر توجہ دینے کے بجائے دیگر طبقات اور بالخصوص نوجوانوں کو کانگریس سے قریب کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ دیپا داس منشی نے قائدین کے احساسات سے خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں نے کانگریس کی تائید کی تھی اور حکومت نے وعدہ کے مطابق دو لاکھ روپئے تک کہ قرضہ جات کو معاف کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو دیہی علاقوں سے زیادہ شہری علاقوں میں مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ طلباء اور نوجوان آج بھی کانگریس پارٹی سے اس قدر قریب نہیں جس کی امید کی جارہی تھی۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد اور دیگر شہری علاقوں کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی۔ ضرورت ہے کہ شہری علاقوں کے ووٹرس پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت شہری علاقوں کے انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ دے تاکہ کارپوریشنوں کے انتخابات میں پارٹی کو فائدہ ہو۔ دیپا داس منشی نے قائدین کو تیقن دیا کہ وہ اس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بات کریں گی۔ انہوں نے عہدیداروں کی جانب سے کانگریس کے عوامی نمائندوں کو نظرانداز کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹ لیا۔ اجلاس میں قائدین کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصہ میں بی آر ایس سے شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں حقیقی کانگریس کارکن مایوس ہیں۔ نئے اور پارٹی میں طویل عرصہ سے خدمات انجام دینے والے قائدین میں بہتر تال میل کیلئے اضلاع کی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی تشکیل کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ متحدہ نظام آباد ضلع میں آرمور، بالکنڈہ اور بانسواڑہ اسمبلی حلقہ جات کے کانگریس کارکنوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تمام اضلاع کے جائزہ اجلاس کی تکمیل کے بعد وہ اضلاع کے دورہ کا آغاز کریں گے۔ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے دورہ اضلاع کے موقع پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کو متحرک کیا جائیگا۔ جائزہ اجلاس میں اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ وشوانادھن کے علاوہ ریاستی وزراء کونڈہ سریکھا، پی سرینواس ریڈی، اتم کمار ریڈی، سریدھر بابو، پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ، حکومت کے مشیران محمد علی شبیر، ویم نریندر ریڈی و ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔1