شہری علاقوں میں G+2 طرز پر اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر عمل آوری: بھٹی وکرامارکا

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کا ہر گھر فلاحی اسکیمات سے مستفید، ریاست کو ملک میں ترقی یافتہ بنانے اقدامات

حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ کے دوسرے مرحلہ میں شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں G+2 عمارتوں کی طرز پر ہاوزنگ کالونی تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے اور یہ مکانات غریبوں کو الاٹ کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا کھمم کے مدھیرا میں کانگریس پارٹی کی یوم تاسیس تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں دیہی علاقوں میں اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کے لئے عنقریب اسکیم کا آغاز ہوگا۔ کھمم کے شہری علاقوں میں G+2 ٹاور ہاوزنگ کالونی کے لئے عنقریب سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جدوجہد آزادی میں نمایاں رول ادا کیا اور کانگریس قائدین کی قربانیوں کے نتیجہ میں ملک کو آزادی ملی۔ بھٹی وکرامارکا نے کانگریس پارٹی کے نئے دفتر کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے عوامی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ تلنگانہ کو ملک کی مثالی ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فیوچر سٹی میں تلنگانہ رائزنگ سمٹ کے کامیاب انعقاد سے 5 لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کا ہر مکان حکومت کی کسی نہ کسی فلاحی اسکیم سے استفادہ کررہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ 200 یونٹ مفت برقی، 500 روپے میں گیس سلینڈر، راشن کارڈ پر باریک چاول اور آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت جیسی اسکیمات پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں کانگریس آئندہ 10 برسوں تک برسر اقتدار رہے گی۔ 1