شہری عوام، موسمی امراض سے سخت پریشان

   

Ferty9 Clinic

سرکاری دواخانوں میں شام کے اوقات بھی آؤٹ پیشنٹ کی سہولت
حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) شہری عوام موسمی امراض سے سخت پریشان ہیں اور دواخانوں میں مریضوں کا کثیر اژدھام لگ رہا ہے، شہر کے تقریباً دواخانے جیسے عثمانیہ ، گاندھی، نیلوفر، فیور ہاسپٹل وغیرہ کے ڈاکٹر س کاکہنا ہے کہ عام دنوں کے مقابلہ ایک ماہ سے موسمی امراض میں مریضوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے شام کے اوقات میں بھی او پی ( آؤٹ پیشنٹ ) کی سہولت رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام سرکاری دواخانوں کے علاوہ پرائمری ہیلت سنٹرس کو اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔ جبکہ دواخانہ نیلوفر کے ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ تاریخی دواخانہ نیلوفر میں کئی دہوں سے24 گھنٹے او پی کی سہولت ہے۔ دواخانہ کے ناٹکو او پی بلاک میں مریضوں اور حاملہ خواتین کے ٹسٹ کئے جاتے ہیں۔ منتظم دواخانہ ڈاکٹر مرلی کرشنا نے بتایا کہ تمام سہولیات دستیاب رہنے کے بعد خصوصی او پی کے قیام کی اشد ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ نیلوفر میں 24 گھنٹے او پی تشخیص اور ڈیاگنوسٹک خدمات جاری ہیں اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے شام کے اوقات میں ایمرجنسی وارڈس میں خدمات انجام دینے کیلئے مزید تین زائد ڈاکٹرس کا تقرر کیا گیا ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف گزشتہ چہارشنبہ کے دن 1500 مریض او پی میں ٹسٹ کرواچکے ہیں تو295 مریضوں کو شریک دواخانہ کیا گیا ہے۔ آر ایم او ڈاکٹر نرہری نے بتایا کہ دواخانہ نیلوفر سے رجوع ہونے والے کسی بھی مریض کو او پی نہ ہونے کے نام پر ہرگز بناء علاج کے واپس نہیں کیا جائے گا۔