شہر اور اضلاع میں آئندہ 3 دن شدید بارش کی پیش قیاسی

   

ضلع انتظامیہ کو چوکسی کی ہدایت، منگل کی رات بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب

حیدرآباد۔5۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں منگل کی رات دیر گئے ہوئی بارش کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 72گھنٹوں کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں میں موسلادھار بارش کے امکان ہیں۔گذشتہ شب ہونے والی مسلسل بارش کا سلسلہ دونوں شہروں میں رات دیر گئے سے صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہا لیکن دن میں موسم معمول کے مطابق اور دھوپ میں شدت ریکارڈ کی گئی ۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں جاری بارشوں کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ جنوبی تلنگانہ کے علاوہ مغربی تلنگانہ کے اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور موسم باراں کی ان بارشوں کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے نواحی علاقوں میں آج دن بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا لیکن گذشتہ شب ریکارڈ کی گئی بارش کے سبب شہر کی بیشتر سڑکیں جھیل کا منظر پیش کر رہی تھیں۔مادھا پور‘ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز‘ مہدی پٹنم ‘ بیگم پیٹ‘ سوماجی گوڑہ‘ سکندرآباد‘ ویسٹ ماریڈ پلی ‘ چکڑپلی ‘ عنبر پیٹ ‘ ناچارم کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔پرانے شہر کے علاقوں میں بھی بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جسے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ایمرجنسی عملہ اور ڈی آر ایف نے فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کئے ۔تلنگانہ کے اضلاع میں سب سے زیادہ بارش ضلع سدی پیٹ میں ریکارڈ کی گئی جہاں صبح کی اولین ساعتوں تک 139 ملی میٹر بارش ہوئی اور پٹن چیرو کے علاقہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جہاں 67ملی میٹر بارش رات بھر کے دوران ریکارڈ کی گئی ۔شہر حیدرآباد میں سب سے زیادہ بارش علاقہ راجندر نگر میں ریکارڈ کی گئی جہاں 67ملی میٹر بارش ہوئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے سبب بیشتر اسکولوں میں حاضری کم رہنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ آئندہ دو یوم کے دوران بھی رات کے اوقات میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا ۔م