شہر اور اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان

   

حیدرآباد۔24 ۔جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں گذشتہ شب موسلادھار بارش کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے اور محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شہر کے علاوہ کئی ضلاع میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شمالی تلنگانہ اضلاع میںآئندہ 5یوم تک مسلسل بارشوں کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ تلنگانہ میں دو یوم میں مانسون مکمل سرگرم ہوجائے گا اور تمام اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ محکمہ کی پیش قیاسی کے بعد حکومت نے جن اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ان میں زرد الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عادل آباد‘ آصف آباد‘ منچریال ‘ نرمل ‘ کریم نگر‘ پدا پلی‘ بھوپل پلی کے علاوہ ملوگو میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ دونوں شہروں میں گذشتہ شب 2 گھنٹوں تک مسلسل ہلکی اور تیز بارش سے شہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی سے شہریوں کو راحت ملی ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 30ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے ۔شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں گذشتہ شب بارش کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بارش کے پانی کے جمع ہونے یا بارش سے متعلق شکایات کی وصولی کیلئے کنٹرول روم کے قیام کا اعلان کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کا پانی جمع ہونے یا کسی بھی شکایت پر وہ ڈی آر ایف کے نمبر 29555500 پر شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ شہر کے علاقوں فلک نما‘ بندلہ گوڑہ‘ بارکس‘ چندرائن گٹہ‘ جوبلی ہلز‘ راجندرنگر‘ مادھا پور‘ ایس آر نگر‘ امیر پیٹ‘ بنجارہ ہلز‘ کوکٹ پلی ‘ کونڈہ پور‘مانصاحب ٹینک‘ مہدی پٹنم و دیگر علاقوں میں رات 11 بجے کے بعد مسلسل 2گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔