عوام کو گرمی سے راحت، آئندہ 5 دنوں تک بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔25۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی ماقبل مانسون بارش کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں بھی آج شام تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو آئندہ 5 دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاقوں جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز ، مادھا پور ، پنجہ گٹہ ، امیر پیٹ ، یوسف گوڑہ ، خیریت آباد ، ناچارم ، عثمانیہ یونیورسٹی ، کنڈا پور اور منی کنڈہ ‘ عابڈز کے علاوہ پرانا شہر کے کئی علاقوں میں آج رات موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا اور عوام کو گرمی سے راحت ملی۔بارش کے باعث شہر کے بعض مقامات پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام ہوگئی۔ رامچندر پورم میں اندرون ایک گھنٹہ 79.87 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ شیر لنگم پلی ، قطب اللہ پور ، کوکٹ پلی ، کاپرا، ملکاجگیری میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ دیکھا گیا۔ پرانے شہر کے علاقوں میں سب سے کم بارش ریکارڈ کی گئی لیکن بارش کے ساتھ تیز ہوائیں گرج اور چمک کے سبب ماحول خوشگوارہوگیا تھا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق غیر موسمی بارشوں کا یہ سلسلہ مزید 5 یوم جاری رہنے کا امکان ہے ۔ 25 اپریل کی رات دیر گئے اور 26 اپریل کی اولین ساعتوں میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ۔ جنوبی و مشرقی تلنگانہ کے اضلاع کتہ گڈم‘ سوریہ پیٹ ، محبوب آباد ، نلگنڈہ ، محبوب نگر ، ناگر کرنول ، نارائن پیٹ ، نظام آباد ، رنگا ریڈی ، سرسلہ ، کاما ریڈی اور میدک میں بھی رات بھر بارش جاری رہنے کا امکان ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ان بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ حیدرآباد کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں ایک گھنٹہ تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔م