شہر اور اضلاع میں دو ماہ میں 20 ڈائیگناسٹک سنٹر کا قیام

   

سکریٹری صحت و طبابت کا جائزہ اجلاس، اہم اُمور اور انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد 25 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی محکمہ صحت و طبابت نے آئندہ دو ماہ میں ریاستی سطح پر 20 ڈائیگناسٹک سنٹرس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کے ساتھ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ صحت و طبابت شریمتی شانتی کماری نے ایک جائزہ اجلاس طلب کرکے نئے ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کرنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ ریاستی وزیر صحت و طبابت کی حیثیت سے ای راجندر کے جاریہ ماہ 28 فروری کو ایک سال کی تکمیل پر سدی پیٹ اور کریم نگر اضلاع کے گورنمنٹ ہاسپٹلس میں ڈائیگناسٹک سنٹرس (ڈی ۔ ھبس) شروع کئے جائیں گے۔ بعدازاں چار مرحلوں میں 18 مقامات پر ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ماہ 15 مارچ کو نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، نظام آباد میڈیکل کالجوں، 31 مارچ کو محبوب نگر میڈیکل کالج، کھمم، میدک، جگتیال اور سنگاریڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں 15 اپریل کو عادل آباد (ایمس)، آصف آباد، جنگاؤں، گدوال اور نرمل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کئے جائیں گے اور آخر میں 30 اپریل کو کتہ گوڑم، محبوب آباد، ناگر کرنول، وقارآباد، ملگ ہاسپٹلس میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور 24 گھنٹے کام کرنے والے ان ڈائیگناسٹک سنٹرس میں جملہ 55 اقسام کے میڈیکل ٹسٹس مفت کئے جائیں گے۔ جبکہ حیدرآباد میں پائے جانے والے نارائن گوڑہ آئی پی ایم (انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن) میں اب تک ہی تلنگانہ ڈائیگناسٹک کا آغٓز کرنے کے بعد بہتر خدمات انجام دی جارہی ہیں اور اس طرز پر (تلنگانہ ڈائیگناسٹک کے خطوط پر) ریاست تلنگانہ کے تمام اہم اضلاع میں ’’ڈی ۔ ھبس‘‘ کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں ان نئے ڈائیگناسٹک سنٹرس کا قیام عمل میں لائے جانے کے بعد غریب عوام کو اپنی ضرورت کے مطابق میڈیکل ٹسٹس مفت میں کروانے کی سہولتیں فراہم ہوسکیں گی۔