شہر اور اضلاع میں رمضان کے مؤثر انتظامات کی ہدایت

   

وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین کا جائزہ اجلاس، شادی مبارک درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا فیصلہ

حیدرآباد ۔21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے تمام اضلاع میں رمضان المبارک کے موثر انتظامات کیلئے اندرون ایک ہفتہ ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔ محمد اظہرالدین نے آج سکریٹریٹ میں مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور ڈسٹرکٹ مینارٹیز ویلفیر آفیسرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے رمضان المبارک کے انتظامات ، شادی مبارک اسکیم اور اقلیتی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی تعمیر جیسے امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی عہدیداروں کو پابند کیا کہ رمضان المبارک کے انتظامات پر انچارج وزراء اور عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شادی مبارک کی زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ پردھان منتری جن وکاس کاریکرم کے تحت اسکولوںکی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے اور عمارتوں کو ٹمریز کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 33 کے منجملہ صرف 6 اضلاع میں رمضان المبارک کے انتظامات پر اجلاس منعقد کئے گئے ۔ تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کے انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں اور وزیر اقلیتی بہبود نے فروری کے پہلے ہفتہ میں تمام کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران غریب اور مستحق مسلمانوں میں ملبوسات پر مبنی رمضان گفٹ تقسیم کیا جائے۔ گزشتہ دو برسوں سے رمضان گفٹ تقسیم نہیں کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت حکومت نے 650 کروڑ منظور کئے جس میں 541 کروڑ جاری کئے گئے تاہم محکمہ نے 252 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ تحصیلدار اور دیگر سطح پر زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی گئی ۔ اجلاس میں غیر حاضر چار ضلع اقلیتی آفیسرس کو میمو جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال ، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری ، صدرنشین کرسچین فینانس کارپوریشن دیپک جان ، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1