شہر اور اضلاع میں ’’رمضان گفٹ‘‘ کی تقسیم کا آغاز

   

صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے جھنڈی دکھاکر آغاز کیا

حیدرآباد۔2۔اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ’’رمضان گفٹ‘‘ کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور شہرو اضلاع کی مختلف مساجد کی کمیٹیوں کے توسط سے تقسیم کی جانے والی ان 4لاکھ 50ہزار راشن کٹس کی روانگی کا جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے جھنڈی دکھا کر آغاز کیا ۔ اس موقع پر جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ڈائریکٹرمحکمہ اقلیتی بہبود ‘ جناب سید خواجہ معین الدین چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے علاوہ دیگر عہدیدارموجود تھے ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران مستحق مسلمانوں میں تقسیم کئے جانے والے ان تحائف کی اجرائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ریاست کی زائد از 800 مساجد کے توسط سے حکومت کے ان تحائف کو ریاست کے مستحق مسلمانوں تک عید الفطر سے قبل پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کے ان تحائف کو تمام اضلاع تک پہنچانے اور مستحقین تک رسائی یقینی بنانے کے لئے وقف بورڈ کے عملہ کی شب وروز خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ رمضان گفٹ اور افطار ڈنر کے لئے ایک لاکھ روپئے مسجد کے انتظامیہ کو پہنچانے کے سلسلہ میں بھی درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے اوروقف بورڈ کی جانب سے ان مساجد کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ ریاست بھر کی 815 مساجد کی کمیٹیوں کے توسط سے ان رمضان گفٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی اور ایک انتظامی کمیٹی کو 500 گفٹ پیاکس حوالہ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے ان تحائف کو مستحقین تک پہنچانے میں وقف بورڈ اپنا کردار ادا کر رہاہے اور اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ وقف بورڈ کے پاس موجود مساجد کی کمیٹیوں کے ریکارڈس اور مساجد کی تفصیلات کی بنیاد پر حکومت کی اسکیم کو قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور ماہ رمضان المبارک کے دوران ہی تمام مستحقین تک حکومت کے تحائف پہنچائے جاسکیں۔ انہو ںنے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے شروع کی گئی اس اسکیم کے متعلق کہا کہ ریاستی حکومت چیف منسٹر کی قیادت میں تمام طبقات کی یکساں ترقی و حوشحالی اور تمام تہواروں کے دوران خوشیاں بانٹنے کا کام انجام دے رہی ہے جو کہ ملک بھر میں مثالی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع تک ان 4.5لاکھ رمضان گفٹ پاکٹس کو پہنچانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔م