19 تا 22 ڈسمبر شدت میں اضافہ کا امکان ۔ عوام کو موسمی امراض سے بچنے احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد 14 ڈسمبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآبا دکے علاوہ اضلاع میں سرد لہروں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ دو یوم بھی سردی کی لہر میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 16تا18 ڈسمبر سردی کی لہر میں کمی ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا لیکن 19 تا22 ڈسمبر دوبارہ سردی کی لہر میں اضافہ ہو گا اور درجہ حرارت میں کمی آئے گی ۔ دونوں شہروں کے علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ آنے لگی ہے ۔ گذشتہ یوم ہفتہ کی رات شہر کے سیاحتی و تفریحی مقامات پر عوام کا ہجوم نظر نہیںآیااور شہریوں نے جلد گھر جانے کو ترجیح دی تاکہ سرد موسم سے محفوظ رہ سکیں کیونکہ حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ شام سے سرد لہروں کا آغاز ہوچکا تھا اور دیر رات گئے درجہ حرارت میں گراوٹ کئے جانے کے نتیجہ میں سردی کی شدت بڑھ گئی تھی ۔ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق 19تا22ڈسمبر شہر و مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں گراوٹ سے سرد لہروں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش میں موسم سرما میں فوری راحت کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ تبدیلی موسم کے جو اثرات ہیں ان میں فوری کسی تبدیلی کے آثار نہیں ہیں۔دونوں شہروں و ریاست کے بیشتر اضلاع میں جہاں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جار ہی ہے موسمی امراض پھیل رہے ہیں ۔ نواحی علاقوں کے مکینوں میں کھانسی ‘ سردی ‘ اعضاء شکنی ‘ نزلہ اور دیگر وبائی امراض پائے جانے لگے ہیں اسی لئے سردی سے محفوظ رہتے ہوئے ان سے بچنے کی تاکید کی جار ہی ہے۔ ڈاکٹرس کاکہنا ہے کہ موسم سرما کے شدت اختیار کرنے کے بعد سے ملیریاء‘ ٹائیفڈ کے علاوہ دیگر وبائی امراض اور پھیپھڑوں سے جڑی بیماریوں کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔3
