اقل ترین درجہ حرارت 7.6 ڈگری ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ
حیدرآباد۔9۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں سردی کی لہر میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور درجہ حرارت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں شدید سردی ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جاریہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ اور آئندہ دنوں میں سردی کی لہر میں اضافہ کا انتباہ جاری کرتے ہوئے زرد الرٹ جاری کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں موسم سرما کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ 9 ڈسمبر کی صبح کی اولین ساعتوں میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے نواحی علاقوں کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ ابراہیم پٹنم میں صبح کی اولین ساعتوں میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں 7.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔ اس کے بعد یونیورسٹی آف حیدرآباد شیرلنگم پلی کے علاوہ راجندر نگر کے علاقوں میں علی الترتیب 8 ڈگری سیلسیس اور 8.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے ۔بی ایچ ای ایل کے علاقہ میں درجہ حرارت 9.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ شیورام پلی کے علاقہ میں 10.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ہے اسی طرح گچی باؤلی کے علاقہ میں 10.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ۔ پرانے شہر کے علاقوں کاروان‘ بہادرپورہ‘ چارمینار ‘ کے علاوہ حمایت نگر اور بشیر باغ میں درجہ حرارت 12.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جبکہ کشن باغ میں 12.3ڈگری سیلسیس اور بہادر پورہ میں 12.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماریڈ پلی ‘ الوال ‘ چندانگر کے علاوہ مولیٰ علی ‘اے ایس راؤ نگر کے علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ جاریہ ہفتہ کے اواخر تک سردلہروں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے تلنگانہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط میں محکمہ صحت سے خواہش کی ہے کہ وہ شہریوں کے لئے سردلہروں سے محفوظ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق امور پر اصول و ضوابط جاری کریں تاکہ شہریوں کو محض متنبہ کرنے کے بجائے انہیں احتیاطی تدابیر کے متعلق بھی واقف کروایا جاسکے۔3