l کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ‘ سڑکیں جھیل بن گئیں
l آئندہ تین دن ریاست بھر میں بارش کا امکان
l بلدی عملہ اور متعلقہ حکام کو چوکسی کی ہدایت
l عوام کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کامشورہ
حیدرآباد۔18جولائی (سیاست نیوز)ریاست کے بیشتر اضلاع کے علاوہ شہر میں موسلادھاربارش نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا ہے کیونکہ اچانک موسلادھار بارش کے سبب نہ صرف نشیبی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے لگا ہے بلکہ شہر کی کئی اہم اور مصروف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہفتہ کی شب اور اتوار کی سہ پہر تیز اور موسلادھار بارش کے بعد محکمہ موسمیات کے انتباہ میں کہا گیا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم تک ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ اتوار کی سہ پہر موسلادھار بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں بالخصوص ٹولی چوکی‘ عطا پور‘ ونستھلی پورم‘ تالاب کٹہ‘ حافظ بابا نگر‘ عثمان نگر ‘ الجبیل کالونی اور دیگر علاقوں میں مکانات میں پانی داخل ہونے کے علاوہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ غیر ضروری گھرو ں سے نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے علاوہ نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کے خدشات بھی ظاہر کئے گئے تھے ۔ جی ایچ ایم سی سے ایمرجنسی عملہ کو چوکسی اختیار کرنے اور جہاں پانی جمع ہونے کے خدشات ہیں نکاسی کی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ حیدرآباد‘ بھدادری‘نلگنڈہ ‘کھمم‘ ملگ‘ بھونگیر‘ میڑچل ‘ ملکا جگری ‘ وقارآباد‘ محبوب نگر‘ناگر کرنول ونپرتی ‘ نارائن پیٹ‘ گدوال میں شدید بارش کا اندیشہ ہے ۔ اتوار کی سہ پہر دونوں شہروں میں اچانک بارش سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور نشیبی علاقوں کے عوام میں خوف پیدا ہونے لگ گیا تھا ۔ محض 30 منٹ کی بارش نے سڑکوں اور علاقوں کو جھیل میں تبدیل کردیا اور کئی مقامات پر ای وی ڈی ایم و ایمرجنسی عملہ نے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ تین یوم میں شہر کے علاوہ کئی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گھن گرج کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ 30تا40 کیول میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔سنتوش نگر‘ پھول باغ کے علاوہ دیگر علاقوں میں نالوںمیں پانی کے بہاؤ اور کچرے کی عدم نکاسی سے رکاوٹ کی شکایت کے بعد مئیر جی وجئے لکشمی نے حکام کو فوری کچرے کی نکاسی کی ہدایت دی جس پر عہدیدار حرکت میں آئے ۔راجندر نگر‘ کاروان‘ عطا پور‘ کشن باغ ‘ بہادر پورہ‘ پرانا پل‘ حسینی علم کے علاوہ محبوب چوک میں بھی پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں جس کے سبب شہریوں بالخصوص راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اتوار کی تعطیل کے باوجود اچانک بارش کے بعد کئی مصروف سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی ۔
