شہر اور اضلاع میں مانسون کی پہلی بارش

   

حیدرآباد۔21۔جون(سیاست نیوز) مانسون شہر پہنچ گیا لیکن انتہائی کمزور مانسون کے سبب گرمی کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ اضلاع میں شام کے وقت بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفہ وقفہ سے رات دیر تک جاری رہا۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق بیشتراضلاع میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو یوم کے دوران جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں گرمی کی شدت میں کمی ہوگی۔ اچانک بارش کے سبب گرمی کی شدت میں کمی کے بجائے اضافہ ہونے لگا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد ‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ جنگاؤں‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ ‘ گدوال ‘ جوگولامبا ‘ ونپرتی‘ ناگرکرنول‘ یدادری۔ بھونگیری‘ میڑچل ملکا جگری کے علاوہ سوریہ پیٹ ‘ نلگنڈہ اور کھمم میں گھن گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد میں آج درجہ حرارت 38.8ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے کئی اضلاع میں آج بھی درجہ حرارت 44ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے بعض علاقوں بہادر پورہ ‘ خیریت آباد‘ آصف نگر اور سکندرآباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق مانسون کی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے لئے ابھی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ بادل کے ساتھ تیز ہوائیں بارش کو روک رہی ہیں۔م