مزید تین دن بارش کی پیش قیاسی، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔ 13اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اضلاع کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ پرانا شہر حیدرآباد کے علاوہ میاں پور، چندانگر، لنگم پلی، گچی باؤلی، مادھا پور، کونڈا پور، رائے درگم ، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، صنعت نگر، ایس آر نگر، ایرااگڈہ، امیر پیٹ، پنجہ گٹہ، بورابنڈہ، یوسف گوڑہ، ڈنڈی گل، گنڈی مائیسماں، مَلّم پیٹ، بہادر پلی، سورارم، کومپلی، سوچترا، جیڈی میٹلہ،بالانگر، سکندرآباد، ترملگری، الوال، جواہر نگر، بولارم، پیٹنی، پیراڈائز، چِلکل گوڑہ اور ماریڈ پلی سمیت کئی مقامات پر موسلادھار بارش سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور کئی مقامات پر ٹریفک جام کی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک میں رکاوٹ کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔نشیبی علاقوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی ایمرجنسی ٹیمیں پمپ سیٹس اور مشنری کے ساتھ پانی نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔ کئی مقامات پر ڈرینیج لائنیں ابل پڑی ہیں جس سے سڑکوں پر کیچڑ اور پھسلن پیدا ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے بھی اہم چوراہوں پر اضافی ملازمین تعینات کر دیئے ہیں تاکہ ٹریفک جام سے نمٹا جا سکے ۔کئی رہائشی کالونیوں میں بجلی کی سربراہی متاثر ہوئی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے کانگریس کارکنوں سے اپیل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو آئندہ تین دن تک ریاست بھر میں موسلادھار بارش کے پیش نظر سخت چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے نام پیام جاری کرتے ہوئے موسلادھار بارش کی صورت میں عوام کی مدد کے لئے تیار رہنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے بچاؤ راحت کے کاموں میں حصہ لینا چاہئے تاکہ جانی اور مالی نقصانات کو روکا جاسکے۔ حکومت نے ریاست بھر میں نظم و نسق کو چوکسی کی ہدایت دی ہے اور کانگریس کارکنوں کو بھی مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے میں حکام کی مدد کی جائے اور ضروری امدادی سامان فراہم کئے جائیں۔ خاص طور پر خواتین ، بچوں اور ضعیف افراد کو متاثرہ علاقوں سے منتقل کرنے میں مدد کی جائے ۔ پولیس ، بلدی نظم و نسق ، ریونیو ، حیڈرا اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے کار کنوں کو ربط میں رہتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کو یقینی بنانا چاہئے ۔1
شہر میں موسم خراب
11 فلائٹس کا رخ موڑ دیا گیا
شمس آباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) شمس آباد ایئرپورٹ میں موسم کی خرابی کی وجہ سے 11 فلائیٹس کا رخ دیگر ایئرپورٹس کی سمت موڑ دیا گیا تھا اور جیسے ہی موسم بحال ہوا فلائٹس دوبارہ واپس شمس آباد ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دہلی، احمد آباد، چینائی، پٹنہ، گوا، کانپور، جموں و کشمیر، ممبئی، ٹاملناڈو اور گجرات سے حیدرآباد آنے والی فلائٹس کو موسم کی خرابی کی وجہ سے دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا تھا اور جیسے ہی موسم صاف ہوا یہ تمام فلائٹس دوبارہ حیدرآباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئے۔