حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن تلنگانہ نے مختلف اضلاع میں 15 خانگی میڈیکل شاپس پر دھاوا کرتے ہوئے کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلایا ہے۔ سرکاری دواخانوں کے حدود میں واقع ان میڈیکل شاپس میں ایکسپائر ادویات کا پتہ چلایا گیا۔ اس کے علاوہ سیمپل کی ادویات فروخت کیلئے رکھی گئی تھیں۔ حکام نے مذکورہ میڈیکل شاپس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ حیدرآباد، سکندرآباد، ورنگل اور کریم نگر اضلاع میں یہ کارروائیاں کی گئیں۔ عثمانیہ ہاسپٹل کے حدود میں واقع ویشنوی میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور، جیون اوشا سرسوتی جنریک میڈیکل اسٹور، قلی قطب شاہ میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور، جیون دھارا فارمیسی اور امرت فارمیسی پر دھاوا کیا گیا۔ نیلور ہاسپٹل کے حدود میں سائی فارمیسی کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹس اور امرت فارمیسی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج میں واقع جنا جیونی جیوتی اسٹور، گاندھی ہاسپٹل کے حدود میں واقع تروملا میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور، سری سائی میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور اور جی پی موہت میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور پر دھاوے کئے گئے۔ حکام نے خلاف ورزیوں کی پاداش میں مذکورہ میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔1