حیدرآباد۔محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ میں آئندہ دو تاتین کے دوران ہلکی اور تیز بارشکی پیش قیاسی کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ دو تا تین یوم کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ کے 15اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ شہر کے علاوہ نواحی علاقو ںمیں ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں گذشتہ دویوم سے بارش نہ ہونے اور مطلع صاف ہونے کے سبب کہا جا رہا تھا کہ مسلسل بارش کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے اور شہر میں آج دن بھر تیز دھوپ اور گرمی دیکھی گئی اور درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن 23 اگسٹ کی سہ پہر محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئندہ تین یوم کے دوران شہر کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جائے گی علاوہ ازیں ملک کی شمالی ہند کی ریاستوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ریاستی حکومت نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق ریاست کے بلدی اداروں اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو احکام جاری کرتے ہوئے انہیں چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ ریاست تلنگانہ کے 15اضلاع کے علاوہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں بارش کی پیش قیاسی کے بعد حکومت کی جانب سے دوبارہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے۔