شہر اور مضافاتی علاقوں میں بارش ‘ موسم خوشگوار

   

طوفان ٹاوکٹے کے اثرات ریاست میں بھی دیکھے جائیں گے
حیدرآباد۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد اور مضافاتی علاقوں میں گھن گرج اور بجلی کے ساتھ موسلادھار بارش سے شہر میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ نواحی علاقوں میں سہ پہر سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور شام 4بجے سے کئی علاقوں میں بارش شروع ہوگئی جو کہ مسلسل ایک گھنٹہ سے زیادہ جاری رہی۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں یہ کہا گیا تھا کہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بحیرہ عرب میں آئے طوفان کے سبب ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات دیکھے جائیں گے اس کے علاوہ پڑوسی ریاستوں میں بھی بارش کے امکانات تھے۔ شہر کے علاوہ شمس آباد‘ شاد نگر‘ کلواکرتی ‘ میڑچل ‘ بالا نگر اور بلارم و جیڈی میٹلہ میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ لاک ڈاؤن کے سبب شہریوں کو بارش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تو نہیں کرنا پڑا لیکن شہر کے کئی علاقوںمیں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے گئے اور جن سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ان پر ای وی ڈی ایم کے عملہ کی جانب سے نکاسی کے اقدامات کئے گئے ۔ بارش سے موسم میں خنکی پیدا ہوچکی ہے اور طوفان ٹاؤکٹے کے اثرات تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں پر بھی دیکھے جانے کے اندیشے ہیں اور محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ تلنگانہ میں آئندہ 4یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔