حیدرآباد ۔ 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 65 سالہ اظہر شریف جو مانصاحب ٹینک علاقہ کے ساکن تھے، کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں آر ٹی سی بس کی زد میں آکر فوت ہوگئے۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 30 سالہ سنتوش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کار میں ایرپورٹ جارہا تھا کہ کوکاپیٹ علاقہ میں حادثہ پیش آیا۔ آگے جانے والی لاری کو سنتوش کی کار نے ٹکر دیدی۔ اس حادثہ میں سنتوش ہلاک اور اس کے ساتھی زخمی ہوگئے۔ ملک پیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ وشنو کرن رائیڈو جو پیشہ سے خانگی ملازم ساکن ملک پیٹ کل رات دیر گئے رائیڈو موٹرسائیکل پر ملک پیٹ علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ایک کار کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ عنبرپیٹ پولیس کے مطابق 68 سالہ ڈی راج جو پیشہ سے باورچی تھا، نارکٹ پلی نلگنڈہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ راج کل عنبرپیٹ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 18 سالہ منیش جو چمپاپیٹ علاقہ میں رہتا تھا، پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے۔ منیش تہوار کیلئے اپنے وطن جارہا تھا کہ مہیشورم حدود میں اس کی موٹرسائیکل کو ایک کار نے ٹکر دیدی اور وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ کندکور پولیس کے مطابق 45 سالہ جنگیا جو پیشہ سے کسان تھا، یاچارم علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ جنگیا اپنی موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ ایک بے قابو کار نے ٹکر دیدی اور وہ شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا۔ جڑچرلہ پولیس کے مطابق 30 سالہ خاتون وجیہ جو جل پلی علاقہ کے ساکن کرشنا کی بیوی تھی، 10 اکٹوبر کو اپنے شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ قومی شاہراہ پر حادثہ پیش آیا۔ ایک کار کی ٹکر سے میاں بیوی دونوں زخمی ہوگئے اور وجیہ آج عثمانیہ ہاسپٹل میں فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ع