شہر بالخصوص پرانے شہر کے کئی مقامات پر مچھروں کی کثرت سے عوام پریشان

   

مسئلہ کے تئیں عہدیداروں کی سردمہری کی عام شکایت
l مچھروں کی کثرت کی زیادہ تر شکایتیں دودھ باؤلی، چارمحل، دکن کالونی، کوکہ ٹٹی، حسینی علم، موسیٰ باؤلی اور میرچوک علاقوں سے کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ موسیٰ ندی کے کنارے کے علاقوں جیسے شاستری پورم کالونی، حسن نگر، سلیمان نگر، عطاپور، بھرت نگر اور باپو گھاٹ علاقوں سے کی جارہی ہیں۔
l مقامی لوگوں نے عہدیداروں پر سردمہری کا الزام عائد کیا، جبکہ عہدیداروں نے اسٹاف کی کمی کا دعویٰ کیا

حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے نیٹومولوجی ونگ کے اس دعوے کے باوجود کہ، اس کی جانب سے تمام زونس میں تواتر کے ساتھ اینٹی لارو آپریشنس انجام دیئے جارہے ہیں، کئی کالونیز بالخصوص پرانے شہر کے محلہ جات میں رہنے والوں کی جانب سے مچھر کے مسئلہ کی شکایت کی جارہی ہے۔ ان کی یہ شکایت ہیکہ ان کے علاقوں میں مچھروں کی کثرت ہوگئی ہے اور مچھر کے کاٹنے سے وہ سو نہیں پارہے ہیں۔ اس کی زیادہ تر شکایتیں دودھ باؤلی، چار محل، دکن کالونی، کوکہ ٹٹی، حسینی علم، موسیٰ باؤلی اور میرچوک سے کی جارہی ہیں۔ اس طرح کی شکایتیں شاستری پورم، حسن نگر، سلیمان نگر، عطاپور، بھرت نگر اور باپو گھاٹ علاقوں سے کی جارہی ہیں جہاں لوگ یہ شکایت کررہے ہیں کہ اس ونگ کا اسٹاف اس مسئلہ پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔ شاستری پورم کالونی کے ساکن سید شوکت علی نے کہا کہ ’’مچھر ہم کو سونے نہیں دے رہے ہیں نہ رات میں اور نہ دن میں۔ ہم نے جی ایچ ایم سی سائٹ پر کئی شکایتیں درج کیں اور انہیں مقامی ینٹومولوجی ونگ کے علم میں بھی لایا لیکن کوئی جواب وصول نہیں ہوا۔ ہماری شکایتیں پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جو افسوسناک بات ہے‘‘۔ شہریوں نے اس بات کی بھی شکایت کی کہ ونگ کا اسٹاف صرف مقامی قائدین کیلئے کام کررہا ہے اور لوگوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ ادے کرن، اسسٹنٹ ینٹومولوجسٹ، جی ایچ ایم سی، راجندر نگر نے کہا کہ ہم کو کئی شکایتیں موصول ہورہی ہیں بالخصوص بھرت نگر تا باپو گھاٹ سے جن کے درمیان تقریباً دس کالونیز ہیں جہاں مچھروں کا مسئلہ ہے چوںکہ یہ علاقے موسیٰ ندی کے کنارے ہیں اس لئے یہاں مچھر کا مسئلہ دائمی ہے۔ موسیٰ ریور فرنٹ پراجکٹ کے عہدیداروں کی جانب سے اس پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہمارے کاموں کی بات ہے ہم پابندی سے اینٹی لاروا آپریشنس انجام دے رہے ہیں او رجراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ اور دوسرے اقدامات کررہے ہیں۔