بروقت کچرے کی عدم نکاسی، فٹ اوور بریجس پر کوڑا کرکٹ سے تعفن
حیدرآباد۔/23 جون، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں صفائی نظام دن بہ دن بگڑتا جارہا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر کچرے کے انبار، گلی کوچوں میں کچرے کی عدم نکاسی سے شہر کا برا حال ہے وہیں دوسری طرف اہم سڑکوں کو بھی بلدی حکام کی جانب سے عملاً نظر انداز کردیا جارہا ہے۔ زیر نظر تصویر مانصاحب ٹینک کے مصروف ترین علاقہ کی ہے جہاں فٹ اوور برج پر کچرا جمع ہوگیا ہے۔ کچھ غیر ذمہ دار شہریوں کی جانب سے اس فٹ اوور برج پر کچرا پھینکا جارہا ہے اور اس کچرے کی نکاسی کے تعلق سے بلدیہ کی جانب سے مسلسل لاپرواہی برتی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں کچرے سے بدبو پیدا ہوگئی ہے جو پیدل چلنے والوں اور بالخصوص صبح کی چہل قدمی کرنے والے شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب بنی ہوئی ہے۔ صبح چہل قدمی کے ذریعہ تازہ ہوا کے خواہشمند شہری اس بدبو کے سبب پریشان ہیں اور اس جانب توجہ دینے والا کوئی نہیں۔ شہر کو خوبصورت بنانے اور شجرکاری میں مصروف حکومت اور سرکاری عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ اس جانب توجہ دیں اور فٹ اوور برج مانصاحب ٹینک کے مسئلہ کی فوری یکسوئی کرتے ہوئے صفائی کے بہتر انتظامات کو انجام دیں۔ اسی طرح شہر کے کئی علاقوں میں سڑک کے کنارے گندگی اور کچرے کے انبار پائے جاتے ہیں۔ موسم برسات میں عدم صفائی کے سبب وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے کا بہت زیادہ خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔ بلدی حکام کو چاہیئے کہ وہ شہر کو باہر سے خوبصورت بنانے کے علاوہ اندرونی طور پر بھی خوبصورت بنانے کے عملی اقدمات کریں۔ع