مضافات میں کروڑہا روپیوں کی جائیدادوں کی خریدی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ شعبہ میں آئی ٹی کمپنیوں کے بعد اب فارما کمپنیوں کی دلچسپی نے رئیل اسٹیٹ شعبہ کو ایک نیا رخ دے دیا ہے ۔ فارما کمپنیوں کی جانب سے شہر اور نواحی علاقوں میں اراضیات کی خریداری میں دلچسپی دکھائی جارہی ہے ۔ آئی ٹی کے بعد اب حیدرآباد فارما شعبہ میں اپنی منفرد شناخت بنا چکا ہے ۔ حیدرآباد میں موجودہ مقامی فارما کمپنیوں ہیٹرو اور بندوفارما ، ڈیوز لیبارٹیز ، ڈاکٹر ریڈیز جیسی کمپنیوں کے بعد اب سپلا ، مارفین لیابس جیسی کمپنیاں حیدرآباد پر توجہ مرکوز کررہی ہیں ۔ رئیل اسٹیٹ شعبہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں ان دنوں 4 تا 5 ہزار کروڑ کی اراضیات کو فارما کمپنیوں کی جانب سے خریدا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فارما کمپنیوں کی جانب سے اپنی زائد رقم کو رئیل اسٹیٹ میں انویسٹ کیا جارہا ہے ۔ فائدہ کے علاوہ رقم کو سرمایہ کرنے کی فکر رئیل اسٹیٹ شعبہ میں ترقی کا سبب مانی جارہی ہے ۔ چونکہ دیگر کاروبار میں سرمایہ کی بہ نسبت رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرمایہ کاری سے بے پناہ اضافہ حاصل ہوتا ہے ۔ گذشتہ دو سال کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ حیدرآباد کے اطراف پائی جانے والی زرعی اراضیات کی قیمتوں میں 40 تا 80 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جب کہ شہر کے اہم رہائشی علاقوں کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ۔ جس کے سبب ان حالات کا مشاہدہ کرنے کے بعد فارما کمپنیاں اپنے بجٹ کو رئیل اسٹیٹ کی جانب سرمایہ کی شکل دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں موجودہ فارما کمپنیوں کی جانب سے ان علاقوں میں آر اینڈ ڈی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ ہر لحاظ سے فارما کمپنیوں کے لیے موزوں حالات اور ریاستی حکومت کی پالیسیاں مددگار ثابت ہورہی ہیں ۔ حیدرآباد میں فارما سٹی کا قیام اور میڈیکل ڈیوٹیز پارک کے سبب مزید ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ 10 تا 20 سال تک حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ شعبہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔۔ ع