حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے چارمینار کے دامن میں خیرمقدم کیا، علماء و مشائخین کی شرکت
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں گنیش وسرجن جلوس اور عید میلاد النبیﷺ کے یکساں آنے کے نتیجہ میں ملتوی کردہ میلاد جلوس آج نکالاگیا۔ میلاد جلوس کا اہتمام تاریخی مکہ مسجد سے مغل پورہ تک کیاگیا اور اس جلوس کے دوران مختلف خانقاہوں اور درگاہوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات موجود تھیں۔ درگاہ قادری چمن انجن باؤلی سے جلوس کا آغاز ہوا جو کہ مختلف راستوں سے گذرتا ہوا مکہ مسجد پہنچا اس کے علاوہ شہر کی مختلف خانقاہوں سے نکالے گئے جلوس بھی چارمینار پہنچ کر مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے ۔ کمشنر آف پولیس مسٹر سی وی آنند نے چارمینار کے دامن میں مختلف علاقوں سے پہنچنے والے میلاد جلوس کا خیر مقدم کیا ۔ اس کے علاوہ جلوس گذرنے کے راستوں پر پولیس کمانڈ کنٹرول سے نگرانی کی جا رہی تھی ۔ مرکزی جلوس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں علحدہ علحدہ گروپس کی جانب سے بھی موٹر بائیک ریالیاں نکالی گئیں جن میں نوجوانوں کی جانب سے نعرے لگاتے ہوئے جھنڈیاں لہرائی جا رہی تھیں۔ مرکزی میلاد جلوس میں دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جلو س گذرنے کے راستوں کے علاوہ دونوں شہروں میں کئی مقامات پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور وقت معین نہ ہونے کے نتیجہ میں وقفہ وقفہ سے ٹریفک میں خلل پڑنے لگا تھا ۔ چارمینار کے دامن میں جلوس کے خیر مقدم کے لئے نصب کئے گئے شہ نشین پر سید محمود پاشاہ قادری زریںکلاں سجادہ نشین حضرت سلطان الواعظین‘ سید احمد الحسینی سعید القادری صدر قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن‘ سید شیخین احمد شطاری کامل پاشاہ‘ سید قادر محی الدین جنید پاشاہ قادری زریں کلاں‘ سید سیف اللہ حسینی باقری سیف پاشاہ‘ محمد مظفر حسین خان بندہ نوازی کنوینر میلاد جلوس‘ سید آل رسول قادری الموسوی حسنین پاشاہ جوائنٹ کنوینر میلاد جلوس‘ جناب منیر الدین مختار‘ جناب عبدالحق احمد خان‘ سید ندیم اللہ حسینی سجادہ نشین شاہ رجو قتال حسینی ؒ مولانا سید علی اکبر علی حسینی ‘ مولانا علی معین الدین خواجہ پاشاہ‘ کے علاوہ دیگر علماء و مشائخین کی بڑی تعداد اس جلوس کے دوران موجود تھی۔ مولانا سید محمود پاشاہ قادری زریں کلاں کی دعاء اور ان کی جانب سے جھنڈی دکھائے جانے کے بعد جلوس کا آغاز ہوا۔ انجن باؤلی‘ سید علی چبوترہ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ چارمینار‘ گلزار حوض‘ پتھر گٹی ‘ مدینہ بلڈنگ‘ سالار جنگ میوزیم‘ دارالشفاء ‘ میر عالم منڈی ‘ اعتبار چوک‘ کوٹلہ عالی جاہ‘ بی بی بازار سے ہوتا ہوا مغل پورہ پہنچا جہاں جلوس کا اختتام عمل میں لایا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر جشن میلادالنبیﷺ کا اہتمام کرتے ہوئے محافل درود منعقد کئے گئے ۔