گاندھی ہاسپٹل میں شریک مریضوں میں دونوں مرض کی شناخت ، ماحول کو بہتر رکھنے کا مشورہ
حیدرآباد۔9ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس اور ڈینگو بیک وقت ہونے کے سبب مریضوں کو شریک دواخانہ کرنا پڑ رہا ہے اور گذشتہ یوم گاندھی ہاسپٹل میں شریک ہونے والے 5 مریضوں میں بیک وقت کوروناوائرس اور ڈینگو کی توثیق ہوئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی ایسے مریض شریک ہونے لگے ہیں جن میں بیک وقت دونوں وائرس پائے جا رہے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس اور ڈینگو سے متاثرہ جو مریض دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں ان مریضوں کی حالت تشویشناک نظر آرہی ہے لیکن دوران علاج انہیں افاقہ اور صحت میں بہتری کے ساتھ وہ دواخانہ سے ڈسچارج بھی ہونے لگے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ جن افراد نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ٹیکہ حاصل کرلیا ہے ان کے لئے ڈینگو اور کورونا وائرس ساتھ میں ہونے کے باوجود جان لیوا ثابت نہیں ہورہا ہے جو کہ اچھی علامت ہے اس کے برعکس عمر رسیدہ افراد اور بچوں میں بیک وقت دونوں بیماریاں خطرناک ثابت ہونے لگی ہیں ۔ ڈاکٹر س کی جانب سے کھانسی ‘ بخار ‘ سردی‘ نزلہ اور دیگر علامات کی صورت میں اب صرف کورونا وائرس کا نہیں بلکہ کورونا وائر س اور ڈینگو دونوں کا معائنہ کروانے کا مشورہ دیا جارہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اکثر مریض جو کہ ڈینگو کا شکار ہورہے ہیں ان کی قوت مدافعت میں کمی کے سبب کوروناو ائرس کا بھی شکار ہونے لگے ہیں اسی لئے علامات کی صورت میں بغیر کسی تاخیر کے ڈاکٹرس کی جانب سے ان معائنوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بیک وقت دونوں معائنوں کے کروانے کے سبب ہی اس بات کاانکشاف ہوا ہے کہ دونوں شہروں میں بیک وقت دونوں امراض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ کورونا وائرس یا ڈینگو دونوں کا ہی کوئی مخصوص علاج نہیں ہے لیکن اس کے باوجود قوت مدافعت میں اضافہ اور حرارت میں کمی کے لئے دی جانے والی ادویات کے ساتھ وٹامن سی اور دیگر درکار ادویات کے ذریعہ ہی ان مریضوں کی صحت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کوششوں میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہورہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے بھی ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی بیماریوں کو نظرانداز نہ کریں بلکہ کسی بھی طرح کی علامات کی صور ت میں فوری معائنہ اور علاج پر توجہ دی جائے۔ ڈاکٹرس بھی عوام کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ مچھروں سے پاک ماحول کو یقینی بنائیںکیونکہ اکثر بیک وقت کورونا وائرس اور ڈینگو کا شکار ہونے والے مریضوں کو مچھر کے کاٹنے سے پہلے ڈینگو ہو رہا ہے اور بعد ازاں قوت مدافعت کے کمزور ہونے کے بعد وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے لگے ہیں اور دونوں امراض کے سبب ان میں کافی زیادہ کمزوری پیدا ہونے لگی ہے۔M