حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جلد ہی دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جملہ 57نئے تھیم پارکس کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف زونس میں نئے طرز کے تھیم پارکس کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں اقدامات کو قطعیت دی جانے لگی ہے۔جی ایچ ایم سی نے جن 57 نئے تھیم پارکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ان میں نالج تھیم پارک‘ منی پولو تھیم پارک‘ فاؤنٹین تھیم پارک‘ ویمنس تھیم پارک‘ کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیداروں کے مطابق نئے تھیم پارکس کے آغاز کے بعد شہر حیدرآباد میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کے علاوہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہونے کے قوی امکان ہیں اور اسی منصوبہ کے تحت بلدی عہدیداروں کی جانب سے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق عہدیدارو ں نے وینگل راؤ پارک کے علاوہ اندرا پارک میں بھی بڑی تبدیلیاں لانے کے علاوہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں علحدہ منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے بلدی عہدیداروں کی جانب سے تیار کئے گئے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عالمی معیار کے مطابق منصوبہ بندی کی ہدایت دی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان تھیم پارکس کی تیاری کے لئے عالمی معیار کے پارکس کا جائزہ لیتے ہوئے حکمت عملی و منصوبہ بندی کی جائے گی۔نئے 57تھیم پارکس کی تیاری کیلئے ڈیزائن اور ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے محکمہ بلدی نظم و نسق کی ہدایت کے مطابق ٹنڈر کا عمل شروع کردیا ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق 16 تھیم پارکس ایل بی نگر زون میں تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 10شیرلنگم پلی زون میں تعمیر کئے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے علاوہ 6 تھیم پارکس کوکٹ پلی زون کے حدود میں قائم کئے جائیں گے اور 8 تھیم پارکس سکندرآباد زون میں تعمیر کئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔14 تھیم پارکس شہر حیدرآباد کے خیریت آباد زون میں تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 3 تھیم پارک چارمینارمیںتعمیر کئے جائیں گے۔
