شہر حیدرآباد کی ترقی پر گذشتہ 5 سال کے دوران 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے

   

گریٹر حیدرآباد کے ٹی آر ایس قائدین کا اجلاس ، ترقی پر مشتمل ’ پرگتی نیودیکا رپورٹ جاری کرنے کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ گذشتہ 5 سال کے دوران شہر حیدرآباد کی جو ترقی ہوئی ہے ۔ اس پر ’ پرگتی نیودیکا رپورٹ ‘ جاری کی جائے گی ۔ آج کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی کے حدود میں واقعہ ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں وزراء ، ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں شہر حیدرآباد نے کافی ترقی کیا ہے ۔ ان پانچ سال کے دوران شہر کی ترقی کے لیے کتنے فنڈز مختص کیے گئے اور کتنے ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ۔ اس کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کیا گیا ۔ سڑکوں کی تعمیرات پر بڑے پیمانے پر فنڈز خرچ کئے گئے ۔ لاکھوں کروڑہا روپئے کی سرمایہ کاری کو حیدرآباد میں ترغیب دی گئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کے لیے حکومت نے گذشتہ پانچ سال کے دوران 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ شہر کی ترقیاتی اقدامات ، اسکیمس ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اقسام کی تفصیلات پر مشتمل ’ پرگتی نیودیکا رپورٹ ‘ بہت جلد جاری کی جائے گی ۔ یہ رپورٹ حکومت کی کارکردگی کا آئینہ ثابت ہوگی ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے پارٹی قائدین بالخصوص کارپوریٹرس کو ہدایت دی کہ وہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ۔ اس کو عوام کے درمیان پہونچائے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دئیے جانے والے اقدامات بالخصوص زرعی و غیر زرعی اراضیات و جائیداد کے تعلق سے دھرنی پورٹل میں اندراج کیے جانے والے اقدامات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کریں ۔ رجسٹریشن اور جائیدادوں پر مالکان حقوق کے تعلق سے تمام مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مثبت حل برآمد کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ ہے ۔ اس سارے عمل کو شفاف طریقہ سے انجام دیا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات کے لیے یکم اکٹوبر سے شروع ہونے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے سب کو چوکسی اختیار کرنے اور بڑے پیمانے پر ناموں کے اندراج کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ زیادہ سے زیادہ حیدرآباد کے گریجویٹس کو ووٹر لسٹ میں اندراج کرانے کے لیے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس زیادہ سے زیادہ کام کریں ۔۔